ایک جماعت سڑکوں پرمعاملات کا حل چاہتی ہے:شہباز شریف

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت نیشنل ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے عزم کا اعادہ کیا گیا، شہباز شریف نے کہا کہ آپریشنل تیاری، پولیس کی استعداد میں اضافے پر فوری توجہ دینا ہوگی، دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لئے پوری ریاستی قوت اور اشتراک عمل کو بروئے کار لانا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست پاکستان سب سے پہلے، باقی معاملات بعد میں ہیں لیکن بد قسمتی سے ایک طبقہ مل بیٹھنے کے بجائے سڑکوں پر معاملات حل کرنا چاہتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات جلد طے ہونے کی امید ہے، اس لیے عالمی مالیاتی ادارے کی کڑی شرائط قبول کرنے کے لیے تیار ہوئے۔شہباز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ملک بچانے کے لیے اپنی سیاست دا پر لگائی، پاکستان کی سیاسی لیڈر شپ، دفاعی افسران، سپہ سالار کی قیادت میں موجود ہیں، بدقسمتی سے ایک جماعت نے دعوت کے باوجود اجلاس میں شرکت نہیں کی، وہ سڑکوں پر معاملات کا حل چاہتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، اگر ہم اپنے گھر کے حالات خود ٹھیک نہیں کریں گے تو کوئی دوسرا بھی مدد کو نہیں آئے گا، پاکستان کو معاشی چیلنجز درپیش ہیں، انشااللہ جلد مشکلات سے نکل جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی انا اور پسند و نا پسند کو ایک طرف رکھ کر مل کر کام کرنا ہے، پاکستان کو اکنامک ٹائیگر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں ہم نے ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق فیصلے کیے، کراچی میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، سکیورٹی فورسز نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے ملاقات کی جس میں ملکی سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم کی زیر صدارت اس وقت اپیکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں عسکری و سول قیادت موجود ہے، دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے بارے میں بات کی گئی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم وزیر مملکت پاور ڈویڑن ہاشم نوتیزئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملاقات میں پاور ڈویژن کے امور پر بات چیت اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔