جیل بھرو تحریک: علامہ راجہ ناصر عباس، زلفی بخاری، فیاض چوہان و دیگر نے گرفتاری دیدی

راولپنڈی(بیورورپورٹ)راولپنڈی میں جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنماﺅں فیاض الحسن چوہان ،زلفی بخاری، صداقت عباسی ، وحید قاسم اور اعجاز خان جازی سمیت 100 سے زائد کارکنوں نے گرفتاری دے دی۔فیاض الحسن چوہان ریلی کی صورت میں کمیٹی چوک پہنچے، جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما ازخود قیدیوں کی وین میں جا کر بیٹھ گئے۔فیاض الحسن چوہان نے قیدی وین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گھر والوں کو کہا ہے کہ میری ضمانت نہ کرانا، نہ ہم ضمانتیں کرائیں گے نہ ہی درخواستیں دیں گے،فیاض چوہان کے آنے کے بعد کمیٹی چوک پر پی ٹی آئی کارکنان بھی قیدی وین میں بیٹھنے لگے، فیاض الحسن چوہان کے ساتھ دیگر 10 پی ٹی آئی کارکنان نے بھی گرفتاری دی۔پولیس ذرائع کے مطابق 3 قیدی وینوں میں زیادہ سے زیادہ 90 افراد کی گنجائش موجود تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ جیل بھرو تحریک کے تحت اب تک فیاض الحسن چوہان، صداقت عباسی، زلفی بخاری، علامہ راجہ ناصر عباس نے رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دیں۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتار رہنماﺅں کی رہائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت کے دوران موقف اپنایا کہ یہ علامتی گرفتاری تھی لیکن رہنماوں کو غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے،لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری نے پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چوہدری اور دیگر کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماﺅں کی رہائی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار کے وکیل وقار مشتاق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کو غیر قانونی حراست میں رکھا گیا ہے، ہمارے 100 سے زائد رہنماوں اور کارکنوں کو حراست میں رکھا ہوا ہے،عدالت نے وکیل کو مخاطب کرکے کہا کہ پولیس تو آپ کو گرفتار نہیں کر رہی تھی، مگر آپ خود پولیس کی گاڑیوں پر چڑھ کر بیٹھ گئے،عدالت نے درخواست گزار سے کہا کہ اب آپ عدالتوں پر بوجھ ڈالنے آگئے ہیں،جسٹس شہرام سرور نے استفسار کیا کہ حراست میں کیسے اور کب لیا گیا، جس پر وکیل نے کہا کہ قانون کے تحفظ اور بحالی کی تحریک کے دوران حراست میں لیا گیا ہے۔