غیرقانونی پلازوں کی بھرمار، ایل ڈی اے افسران اربوں کی جائیدادوں کے مالک

لاہور ( قاسم رضا سے) معاشی بدحالی کے شکار ملک میں ایل ڈی اے افسران سرکاری خزانہ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے میں مصروف ہونے کے ساتھ خود بھی مبینہ طور پر اربوں مالیت کے مالک بننے لگے ، بلڈنگ مافیا کی ملی بھگت سے صوبائی دارالحکومت میں زیر تعمیر غیر قانونی پلازوں کی بھرمار ۔ تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے زون فائیو کے علاقہ رائےونڈ روڈ پر دبئی ٹاﺅن کے ساتھ پی ایس او پٹرول پمپ کے قریب پر لب سڑک مبینہ طور پر نقشہ منظوری کے بغیر جہازی سائز پلازہ زیر تعمیر ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بااثر مالک ایل ڈی اے سے نقشہ منظور کرائے بغیر بڑے دھڑلے سے پلازہ تعمیر کر وا کر ایل ڈی اے کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ مبینہ طور پر مالک نے ایل ڈی اے ٹاﺅن پلاننگ کے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹراعجاز چیمہ کی ملی بھگت سے پلازہ کی تعمیر شروع کروائی ہے ۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایل ڈی اے ٹاﺅن پلاننگ حکام کی مبینہ ملی بھگت سے شہر میں غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں ملتان روڈ میں حسن ٹاﺅن ، اعوان ٹاﺅن ، سید پور بازار ، بوہڑ والا چوک ، کھاڑک ، ڈھولنوال ، رسول پارک ، سبزہ زار اور علامہ اقبال ٹاﺅن میں بغیر نقشہ درجنوں دکانیں اورکمرشل پلازے زیر تعمیر ہیں مختلف علاقوں میں بغیر نقشہ فیس پاس کروائے گھر ، دکانیں اور کمرشل پلازوں کی تعمیرات جاری ہیں جس کے باعث حکومتی خزانہ کروڑوں روپے کے ریونیو سے محروم ہورہا ہے۔ متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اعجاز چیمہ سے موقف کیلئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی جواب دینا مناسب نہ سمجھا ۔