احتساب عدالت‘شہبازدورکے صاف پانی پراجیکٹ کو کلین چٹ

لاہور:(لیڈرنیوز)احتساب عدالت نے صاف پانی کمپنی ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ قمر الاسلام سمیت 16 ملزمان کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ صاف پانی منصوبے میں کوئی خلاف ورزی یا غیر قانونی ثابت نہیں کرسکا۔احتساب عدالت کے جج محمد ساجد اعوان نے 23 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ سروے سے لے کر منصوبے کی تکمیل تک تمام قواعد پر عمل کیا گیا۔ منصوبے میں تبدیلیاں بھی متعلقہ کمیٹیوں کی سفارشات اور منظوری سے کی گئیں۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ نیب نے صاف پانی کمپنی کا ضمنی ریفرنس بھی دائر کیا، شہباز شریف کے داماد اور بیٹی کی ملکیت علی ٹریڈ سینٹر کی تیسری منزل اوپن بڈنگ کے ذریعے کمپنی کو دی گئی۔ استغاثہ کا الزام ہے کہ فرش پر قبضہ نہیں کیا گیا اور کرایہ پیشگی ادا کیا گیا۔ کمپنی نے نہ صرف باقاعدہ قبضہ لیا بلکہ نئی انتظامیہ نے کچھ تبدیلیوں کے ساتھ معاہدہ برقرار رکھا۔ کوئی مالی فائدہ نہیں ہوا۔ سابق سی ای او وسیم اجمل نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال نہیں کیا۔ علی عمران کی کمپنی اور صاف پانی کمپنی کے درمیان معاملہ معاہدے کی شرائط پر عمل نہ کرنے کا تھا۔ دونوں کے درمیان کیس نیب قوانین کے زمرے میں نہیں آتا۔فیصلے میں کہا گیا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے سیکشن 4 کے تحت زیر التوا مقدمات اس کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔ عدالت نے ملزمان کی استدعا منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کی صاحبزادی اور داماد سمیت دیگر 2 ملزمان کی بریت برقرار رکھی۔