اسلام آباد:(لیڈر نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر وزیراعظم اور وزرائ کا ردعمل حیران کن ہے اپناقبلہ درست کرنے کی بجائے پوری حکومت رپورٹ پرسوال اُٹھارہی ہے۔پیپلز پارٹی کی مرکزی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نہ مانوں کے رویے سے حقیقت تبدیل نہیں ہوجائے گی‘ہر شہری جانتا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے۔ چیئرمین نیب نے خود کہا تھا کہ اس حکومت کے کرپشن کیسز کھولے گئے تو یہ نہیں چل سکے گی۔شیری رحمان نے کہا کہ چینی، گندم، ادویات، پیٹرول، بلین ٹری سونامی اور دیگر میگا کرپشن کیسز کی تحقیقات کی جائیں تو ”صاف چلی، شفاف چلی“ کی حقیقت سامنے آجائے گی۔ احتساب کے ادارے کو تالا لگانے والے بڑھتی کرپشن سے انکار کر رہے ہیں۔
















