اسلام آباد:(لیڈرنیوز) الیکشن کمیشن نے سینیٹر فیصل واوڈا کی نااہلی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ فیصل واوڈا نے امریکا میں برتھ سرٹیفکیٹ جمع کرادیا۔ فیصل واوڈا کے وکیل نے پیدائشی سرٹیفکیٹ جمع کراتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا پیدائشی طور پر امریکی شہری ہیں۔ انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے قبل اپنا غیر ملکی پاسپورٹ منسوخ کر دیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا پاسپورٹ کی منسوخی سے بھی شہریت ختم ہوتی ہے؟ وکیل نے کہا کہ دوہری شہریت رکھنے والوں کو شناختی کارڈ نہیں NICOP ملتا ہے۔ نادرا نے NICOP منسوخ کر کے 29 مئی 2018 کو شناختی کارڈ جاری کیا، نادرا نے پاکستانی شہری ہونے کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ دیکھنا باقی ہے کہ نادرا ایسا سرٹیفکیٹ جاری کر سکتا ہے یا نہیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ قومی اسمبلی کے امیدوار کی حیثیت سے انہیں قانون کا زیادہ علم نہیں۔ دلائل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے سینیٹر فیصل ووڈا کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
#Election Commission reserved its judgment in the disqualification case of Senator Faisal Vawda
















