افغانستان کیساتھ بھارت کے اچھے تعلقات پر اعتراض نہیں

اسلام آباد:(لیڈرنیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں افغانستان کے ساتھ بھارت کے اچھے تعلقات پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور افغانستان میں ہماری توجہ کسی ایک گروپ پر نہیں ہے۔افغانستان کی موجودہ صورتحال پر جاری بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے میرے دورہ کابل کے بارے میں ہنگامہ کیا اور غیر ذمہ داری سے بات کی۔ جبکہ بھارتی میڈیا کو بولنے سے پہلے تصدیق کرنی چاہیے ، میں کابل نہیں گیا تھا بلکہ پاکستان میں اہم اجلاسوں میں شرکت کی ۔شاہ محمودقریشی نے کہا کہ "کل ہم نے سربراہ یورپی یونین خارجہ پالیسی کے ساتھ بات چیت کی جس میں انہیں ہم نے کابل میں پاکستان کی امداد کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ ہم تاجکستان ، ازبکستان ، ترکمانستان اور ایران کا دورہ کریں گے ، جبکہ چین کے ساتھ ہم پہلے ہی بات چیت کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان ایک کثیر نسلی ملک ہے ، یہاں پشتون اور دوسرے لوگ بھی ہیں ، جو حکومت افغانستان میں برسر اقتدار آئی وہ وسیع البنیاد اور اجتماعی ہونی چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور خطے کے پڑوسی ممالک افغانستان میں امن چاہتے ہیں لیکن امن مخالف قوتیں 'اسپائیلرز' اب بھی افغانستان میں سرگرم ہیں۔ بھارت کو اپنی محدود سوچ کو ترک کرنا ہوگا۔ ہمیں افغانستان کے ساتھ بھارت کے اچھے تعلقات پر اعتراض نہیں ہے ، افغانستان میں ہماری توجہ کسی ایک گروپ پر نہیں ہے۔


#we have no objection to India's good relations with Afghanistan #Shah Mehmood Qureshi #leadernews #our focus in Afghanistan is not on any one group