شہبازشریف کا ہتک عزت کا دعویٰ ‘وزیراعظم نے جواب جمع کرادیا

لاہور:(لیڈر نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے سیشن کورٹ میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی جانب سے دائر ہتک عزت دعویٰ کا جواب داخل کردیا۔وزیر اعظم عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر علی ظفر کے توسط سے سیشن کورٹ لاہور میں جواب داخل کرایا۔ جواب میں کہا گیا کہ عمر فاروق نامی شخص نے ان سے کہا کہ ایک پیش کش ہے ، اگر عمران خان پاناما لیکس کی پیروی کرنا چھوڑ دیں تو وہ بڑی رقم ادا کرنے کو تیار ہیں۔رشوت کی پیشکش بارے جیسے بتایاگیا اسی طرح ہی بیان دیا۔جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی ساکھ ان کے بیان کی وجہ سے نہیں بلکہ کسی اور وجہ سے متاثرہوئی ہوگی۔ شہباز شریف کے الزامات ہتک عزت کے دعویٰ میں نہیں آتے ۔ اپوزیشن لیڈر نے 60دنوں قانون کے مطابق کوئی مخصوص نوٹس بھی نہیں بھیجا ، شہباز شریف دو دہائیوں سے سیاسی مخالف ہیں ، اپوزیشن لیڈر نے اپنے آپ کو بدنام کرنے کے لئے بہت سے بیانات دئیے ہیں ، شہباز شریف سیاسی معاملات کو عدالتوں میں گھسیٹنا چاہتے ہیں۔جواب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کا دعویٰ جھوٹا ، بے بنیاد اور حقائق کو مسخ کرنے والا ہے ، دعوی کو جرمانے کے ساتھ خارج کیا جانا چاہئے اور اپوزیشن لیڈر سے کونسل کی فیس بھی وصول کی جانی چاہئے۔


#Imran Khan #Shahbaz Sharif #leader news #Sessions Court Lahore #Barrister Ali Zafar