عمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن ہوئی‘شہباز شریف

لاہور:پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن ہوئی، نواز شریف یہ منصوبے لگا کر امر ہوگیا ہے،اور میں بتاﺅں گا کہ موجودہ دور حکومت میں قوم کو کس طرح بے دردی سے لوٹا گیا، فیصلہ کرلیں کس نے عملی خدمت کی اور کون تقریروں سے وقت ضائع کر رہا ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوگیا تھا، بدقسمتی سے لوڈشیڈنگ دوبارہ آگئی ہے۔انھوں نے کہا کہ2018کے جلسے میں کہتا تھا لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی ہے،2013میں پی ٹی آئی کے دھرنوں نے معیشت کا دھڑن تختہ کردیا تھا۔شہباز شریف نے کہا کہ گزرا ہوا زمانہ آتا نہیں دوبارہ، عمران خان نیازی نے لوڈشیڈنگ دوبارہ لا کر اس کی نفی کردی ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان نے لاکھوں لوگوں کو بے روز گار کردیا۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں پاور پلانٹ لگائیں گے، ان کے بیانات پڑھ لیں کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی سولر اور ونڈ پاور پلانٹ لگائے گی، اگر بجلی فالتو تھی تو پاور پلانٹ کیوں لگارہے ہیں؟صدرن لیگ کا کہنا تھا کہ فیصلہ کرلیں کس نے عملی خدمت کی اور کون تقریروں سے وقت ضائع کر رہا،انہوں نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ تین سال تک پاور منصوبوں کی تحقیقات کرتا رہا، پاور منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن سامنے نہیں آئی۔شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ ہم نے دنیا کے سستے ترین پاور پلانٹس لگائے تھے، ہم نے ان منصوبوں سے ڈھائی سو ارب روپے کی بچت کی۔صدرمسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نواز شریف یہ منصوبے لگا کر امر ہوگیا ہے، بتاﺅں گا کہ قوم کو کس طرح بے دردی سے لوٹا گیا۔


#Shahbaz Sharif #leader news #Pakistan Muslim League-Nawaz #PML-N #load shedding #Imran Niazi