لاہور ( سروے رپورٹ: نعیم جاوید/عکاسی: شاہنواز)خطے میں بڑھتی ہوئی جنگی کشیدگی اور عالمی سطح پر سپلائی چین متاثر ہونے کے باعث ملک میں مہنگائی کی رفتار میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مختلف بازاروں اور شہری علاقوں میں کئے گئے عوامی سروے کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اشیائے خوردونوش، پٹرولیم مصنوعات اور روزمرہ استعمال کی اشیاءکی قیمتوں میں اوسطاً 10 سے 20 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ اگر خطے کی صورتحال مزید کشیدہ رہی تو آنیوالے مہینوں میں مہنگائی کی شرح میں مزید 5 سے 10 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔عوامی سروے کے دوران شہریوں نے روز نامہ ”مشرق“ کو بتایا کہ عالمی جنگی ماحول کے باعث درآمدی اشیاءکی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ اور شپنگ اخراجات میں اضافے کا براہ راست اثر مقامی منڈیوں پر بھی پڑ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق سبزی، دالوں، گھی، چینی اور آٹے سمیت بنیادی اشیاءکی قیمتوں میں حالیہ دنوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے عام آدمی کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ بھاٹی گےٹ کے رہائشی اسلم کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سبزیوں اور دالوں کی قیمتوں میں تقریباً 15 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگی صورتحال کے باعث تاجر پہلے ہی قیمتیں بڑھا دیتے ہیں جس کا بوجھ عام صارف کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔اسی طرح شہری ساجد علی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خدشات کے باعث ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں مزید بڑھیں تو مہنگائی کا ایک نیا طوفان آ سکتا ہے۔اقبال نے بتایا کہ گھریلو بجٹ پہلے ہی متاثر ہے اور اب اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھنے سے گھر چلانا مزید مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو متوسط اور کم آمدنی والے طبقات شدید متاثر ہوں گے۔دوسری جانب ایک نجی کمپنی کے ملازم کامران احمد نے کہا کہ تنخواہیں وہی ہیں لیکن روزمرہ اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق مہنگائی میں حالیہ اضافہ کم از کم 10 فیصد سے زیادہ محسوس ہو رہا ہے جس کی وجہ سے بچت تقریباً ختم ہو چکی ہے۔ایک دکاندار عبدالروف کا کہنا تھا کہ جنگی حالات کے باعث درآمدی اشیاء مہنگی ہو رہی ہیں جبکہ شپنگ چارجز میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق اگر عالمی کشیدگی مزید بڑھی تو مارکیٹ میں اشیاءکی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے جس سے پاکستان جیسے درآمدی معیشت رکھنے والے ممالک میں مہنگائی بڑھ سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شپنگ کرایوں، ڈالر کی قیمت اور توانائی کے اخراجات میں اضافے سے مجموعی مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ماہرین کے مطابق اگر صورتحال برقرار رہی تو آنے والے مہینوں میں مہنگائی کی مجموعی شرح میں 5 سے 10 فیصد مزید اضافہ ہو سکتا ہے جس کا اثر خاص طور پر اشیائے خوردونوش اور ٹرانسپورٹ کے شعبے پر پڑے گا۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگی صورتحال کے تناظر میں مارکیٹوں کی کڑی نگرانی کی جائے، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اشیاءخورنوش کی قیمتیں استطاعت سے باہر، شہریوں کی دہائی
















