یوم پاکستان اتحاد، ایمان ، نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) یوم پاکستان کی 86ویں سالگرہ کے موقع پر پنجاب پولیس نے “محفوظ پنجاب، محفوظ پاکستان” کے عزم کی تجدید کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت، حفاظت اور انصاف کی فراہمی کیلئے اپنے عہد کو دہرایا ہے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اپنے پیغام میں تحریک آزادی کے قائدین اور جانثاروں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان کے موقع پر دہشت گردوں، شرپسند عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھی جائیگی اور ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سکیورٹی ایجنسیز اور عوام کے باہمی تعاون سے دشمن کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملا دیا جائے گا،آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ یوم پاکستان کے سلسلے میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منعقد ہونے والی تمام تقریبات، ریلیوں اور عوامی اجتماعات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس تمام چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے ”محفوظ پنجاب، محفوظ پاکستان“ کے ہدف کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔