لاہور (مشرق نیوز) عید کے دوسرے روز آوارہ کتے کے حملے سے 8 سالہ معصوم بچی جان کی بازی ہار گئی۔ ٹاون شپ میں عید کی خوشیاں اس وقت غم میں بدل گئیں جب ایک آوارہ کتے نے گلی میں کھیلتی 8 سالہ مہر نامی بچی پر اچانک حملہ کردیا۔
کتے کے حملے میں بچی شدید زخمی ہوگئی،جسے فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ میڈیا سے بات نہ کریں، بتایا جاتا ہے کہ عدالت کے احکامات ہیں کہ کتوں کو نہیں مارا جا سکتا، لیکن ہم پوچھتے ہیں کہ کیا انسانی جان کی کوئی اہمیت نہیں؟
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ٹاون شپ اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل ہے کہ اس واقعہ کا فوری نوٹس لیا جائے اور آوارہ کتوں کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے، تاکہ آئندہ کسی اور گھر کا چراغ نہ بجھے۔
آوارہ کتے نے 8 سالہ بچی کی جان لے لی، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس
















