طاقت کے زور پر معاہدے مسلط نہیں کئے جاسکتے، روسی وزیر خارجہ

ماسکو (مشرق نیوز) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں طاقت کے زور پر معاہدے مسلط نہیں کئے جا سکتے اور اس طرح کی پالیسی خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کریگی۔ اپنے ایک بیان میں سرگئی لاروف نے ایران پر امریکی حملوں کے تناظر میں کہا کہ دنیا تیزی سے ’طاقت کے قانون‘ کی طرف واپس جا رہی ہے، جہاں طاقتور ممالک اپنی مرضی مسلط کرتے ہیں جبکہ کمزور ممالک کو اس کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی پالیسیوں میں صرف اپنے مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے، جس کے باعث عالمی توازن متاثر ہو رہا ہے۔ انکے مطابق مشرق وسطیٰ جیسے حساس خطے میں زبردستی فیصلے یا معاہدے نافذ کرنا دیرپا امن کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

سرگئی لاروف نے مزید کہا کہ امریکہ توانائی کے وسائل کے حصول کیلئے وینزویلا اور ایران جیسے ممالک میں دلچسپی رکھتا ہے، جبکہ دوسری جانب یورپ کو سستی توانائی سے محروم کیا جا رہا ہے جس کے معاشی اثرات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی تنازعات کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے نکالا جانا چاہئے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔