کشیدگی امن کیلئے خطرہ،پاکستان ،افغانستان مسائل مذاکرات سے حل کریں،چین

بیجنگ: (مشرق نیوز)چین پاکستان ،افغانستان کے درمیان ثالثی کیلئے متحرک،دونوں ممالک کو مسائل مذاکرات سے حل کرنے کامشورہ دے دیا۔

وزیر خارجہ وانگ یی نے افغان ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، کشیدگی میں کمی،ایران کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا افغانستان ،پاکستان کے درمیان موجود مسائل صرف مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے ہی حل کیے جاسکتے ہیں،طاقت کے استعمال سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوگی،اختلافات بڑھنانہ صرف دونوں ممالک کیلئے نقصان دہ بلکہ خطے کے امن و استحکام کےلئے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔

افغان وزیرخارجہ امیرخان متقی نے کشیدگی کم کرنے کےلئے چین کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا افغان عوام طویل جنگوں سے بہت زیادہ متاثر اب امن و ترقی کے مواقع کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،افغانستان خطے میں بدامنی نہیں ، امن کا ذریعہ بننا چاہتا ہے،افغانستان کی سرزمین کسی بھی ہمسایہ ملک کےخلاف استعمال نہیں ہونے دی جائےگی۔

امیر متقی نے کہا افغانستان کسی بھی ملک کےساتھ فوجی تصادم نہیں چاہتا اورہمسایہ ممالک کےساتھ باہمی اعتماد ، دوستانہ تعلقات کا خواہاں ،مسائل کے حل کےلئے مذاکرات ،مشاورت ہی واحد راستہ ،امید ہے چین بڑے اور دوست ملک کی حیثیت سے مزید فعال کردار ادا کرے گا۔

وانگ یی نے کہا موجودہ غیر یقینی عالمی ماحول میں خطے کے ممالک کو اتحاد و تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہوگا تاکہ مشترکہ طور پر چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے،افغانستان اور پاکستان ایک دوسرے سے الگ نہیں ہو سکتے، دونوں کو ملکر مسائل حل کرنے چاہئیں،چین نے ہمیشہ افغانستان ،پاکستان کے درمیان تنازع کے معاملے پرغیرجانبدار ،منصفانہ موقف اختیارکیا ،وزارت خارجہ کے افغانستان امور کے خصوصی نمائندہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کےلئے سفارتی رابطے کر رہے ہیں،چین مفاہمت وکشیدگی میں کمی کےلئے اپنی مثبت کوششیں جاری رکھنے کو تیار ہے۔