لاہور (کامرس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل انوائرنمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ پنجاب میں مستقبل کی صنعتی منصوبہ بندی کاروباری برادری سے مشاورت کے ساتھ کی جائیگی اور پائیدار صنعتی زونز کی تشکیل میں صنعت خود حکومت کی رہنمائی کریگی تاکہ ماحولیاتی تحفظ اور معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی اینٹی سموگ حکمت عملی عالمی سطح پر تسلیم شدہ ماڈل بن چکی ہے اور صوبے نے صنعت اور حکومت کے مشترکہ اقدامات سے دو سال کے اندر خطرناک فضائی آلودگی کی سطح میں نمایاں کمی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ناسا اور یورپی یونین سمیت عالمی اداروں کے سیٹلائٹ ڈیٹا کی بنیاد پر بین الاقوامی تنظیمیں پنجاب کے ماحولیاتی ماڈل پر کیس سٹڈیز تیار کر رہی ہیں۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صنعتی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے ڈی جی انوائرنمنٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کاروباری برادری سے براہ راست مکالمے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر سارک چیمبر میاں انجم نثار، سابق صدر محمد علی میاں اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین عامر علی، سید سلمان علی، محسن بشیر، افتخار احمد اور رانا شعبان اختر بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور پنجاب کی معیشت میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے جبکہ پنجاب پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً 55 فیصد حصہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر 46 ہزار سے زائد کاروباری و صنعتی اداروں کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صنعتوں کی منتقلی کو محض انتظامی فیصلہ نہیں سمجھا جا سکتا کیونکہ صنعتیں دہائیوں کی سرمایہ کاری، منصوبہ بندی اور نسلوں کی محنت سے قائم ہوتی ہیں۔ اسلئے انہیں اچانک منتقل نہیں کیا جا سکتا جب تک مناسب متبادل، بنیادی ڈھانچہ اور حقیقت پسندانہ ٹائم لائن فراہم نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن صنعتوں کو شہری ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے، انہیں پہلے تیار شدہ صنعتی زمین، بنیادی سہولیات، مراعات اور واضح منتقلی پالیسی دی جانی چاہیے۔ انہوں نے لاہور میں شعبہ وار صنعتی کلسٹرز قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ صنعتیں موثر انداز میں کام جاری رکھ سکیں۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی صنعتی تنزلی، کاروباری لاگت میں اضافے اور بڑھتے تجارتی خسارے کا سامنا کر رہا ہے جبکہ روزگار کے مواقع صنعتوں کی ترقی سے وابستہ ہیں۔ 25 کروڑ سے زائد آبادی اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر صنعتی شعبے کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ صنعتوں کو ماحولیاتی ٹیکنالوجی اپنانے کیلئے نرم قرضے اور مالی معاونت فراہم کی جائے کیونکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کئی ادارے مہنگے آلودگی کنٹرول سسٹمز خود خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے اور مکالمے کے ذریعے اتفاق رائے پیدا کر سکتا ہے۔ ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے اسموگ کے خلاف اقدامات میں صنعتوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اخراج کنٹرول سسٹمز، اسکربرز اور مانیٹرنگ نظام زیادہ تر صنعتوں نے خود نصب کیے، جس سے ماحولیاتی بہتری ممکن ہوئی اور صنعتیں اس کامیابی کی اصل ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں قلیل مدتی کامیابی کو طویل مدتی پائیدار ماڈل میں تبدیل کیا جائے گا، جس کے تحت منصوبہ بند صنعتی اسٹیٹس میں مشترکہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، مانیٹرنگ سسٹمز اور ریگولیٹری ہم آہنگی فراہم کی جائے گی تاکہ انفرادی صنعتوں پر بوجھ کم ہو۔ ڈی جی ماحولیات نے واضح کیا کہ مجوزہ صنعتی زوننگ ماضی کی طرح زبردستی منتقلی کا ماڈل نہیں ہوگا بلکہ مرحلہ وار، مشاورتی اور ڈیٹا پر مبنی عمل ہوگا جس میں صنعت کے نمائندے رہنمائی فراہم کریں گے۔ مختلف صنعتی شعبوں کا جائزہ ماحولیاتی اثرات، لیبر کی نوعیت اور منتقلی کی عملی صلاحیت کے مطابق لیا جائیگا۔ انہوں نے لاہور چیمبر سے درخواست کی کہ مشترکہ ورکنگ گروپ کیلئے نمائندے نامزد کئے جائیں جو پنجاب حکومت کو پیش کیے جانے والے پالیسی سفارشات تیار کریگا۔ انہوں نے کہا کہ جدت اور تکنیکی حل نجی شعبے سے آئیں گے جبکہ حکومت سہولت کار اور ریگولیٹر کا کردار ادا کریگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنوبی ایشیا سے ماحولیاتی وفود جلد لاہور کا دورہ کریں گے تاکہ پنجاب کی اینٹی اسموگ کامیابی کا جائزہ لیا جا سکے اور صنعتی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ پہلا اجلاس لاہور چیمبر میں منعقد کیا جائے گا۔
لاہور چیمبر ، انوائرنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا پالیسی سفارشات کیلئے مشترکہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ
















