تہران،واشنگٹن،تل ابیب،لندن،ماسکو،دوحہ،ابوظہبی،باکو:(مشرق نیوز)مشرق وسطیٰ میں بحران بے قابو،ایران کاتگڑا جوابی وار،خلیج فارس میں امریکی ٹینکر غرق،ایف 15 ای سٹرائیک فائٹر طیارہ بھی مار گرایا،کویت، بحرین ،یو اے ای میں 20 فوجی اہداف نشانہ،پاسداران انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کا 19 واں مرحلہ شروع کردیا،اسرائیل پر حملوں میں ایک ٹن وزنی وارہیڈ لیجانے والے خرمشہر 4 میزائل کا استعمال،ڈرون آذربائیجان میں بھی جاگرے،2افراد زخمی،امارات میں حملوں کے دوران ملبہ گرنے سے 6پاکستانی زخمی،برطانیہ کا یوٹرن،امریکہ کو فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت،قطر میں مزید 4 ٹائیفون جنگی طیارے تعینات کرنے کا اعلان کردیا، اسرائیلی و امریکی حملوں میںہسپتالوں ،سکولوں سمیت مختلف اہداف پر حملوں میں شہدا کی تعداد 1200سے متجاوز کرگئی۔
ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ملکی بحریہ کے جنگی دستوں نے خلیج فارس کے شمالی حصے میں امریکی ٹینکر کو نشانہ بنایا ،امریکی ایف 15 ای سٹرائیک فائٹر طیارے کوملک کے جنوب مغربی سرحدی علاقے کے قریب تباہ کیا گیا۔
پاسداران انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق (ٹرو پرامس) 4 کا 19 واں مرحلہ شروع کرتے ہوئے کہاایرانی فورسز کے میزائل ،ڈرون خطے میں امریکی و اسرائیلی اڈوں کو نشانہ بنا رہے ہیں،تل ابیب ،مقبوضہ القدس سمیت کئی اہم اسرائیلی مقامات کو نشانہ بنایا، خطے میں امریکہ ،اسرائیل کے 7 جدید ریڈار سسٹمز تباہ کر دیئے،حملوں سے امریکی ،اسرائیلی نگرانی کا نظام ” اندھا“ہوگیا، اسرائیل کےخلاف خرمشہر 4 سٹریٹجک بیلسٹک میزائل داغے گئے،اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت ،بن گوریان ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا۔
اپنے بیان میں پاسداران انقلاب نے کہاخرمشہر 4 میزائل تقریباً 13 میٹر لمبا ،30 ٹن وزنی اور ایک ٹن سے زائد دھماکہ خیز مواد لےجانے کی صلاحیت رکھتا ہے،اسرائیل میں عوام شیلٹرز میں پناہ لینے پر مجبور ہیں، حملوں کی شدت ،دائرہ کار آنے والے دنوں میں مزید بڑھے گا، کویت، بحرین ،متحدہ عرب امارات میں موجود تقریباً 20 امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنا کر نقصان پہنچایا ،آبنائے ہرمز میں امریکہ، اسرائیل یا یورپی ممالک کا کوئی جہازآیا تو بچ کر نہیں جائےگا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہاوحشیانہ، بلااشتعال اور بلاجوازجارحیت میدان جنگ سے باہر پھیل چکی ،ایرانیوں کیلئے جنگ کی قیمت ناقابل تصور حد تک زیادہ،عوام کو بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ہے،عالمی برادری صورتحال کا نوٹس لے اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔
ایرانی جنرل کیومرس حیدری نے کہا ایران دشمن کو شرمناک انجام تک پہنچائے بغیر جنگ ختم نہیں کرے گا،مقاصد کے حصول تک فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی، خلیج میں بڑھتی کشیدگی کے باعث خطے کی صورت حال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے،کوئی دباو قبول نہیں ،امریکہ کو شدید ضرب لگانا ہدف ،ایران کو طویل جنگ لڑنے کا تجربہ حاصل ہے۔
ادھر ایران سے داغے گئے کئی ڈرونز آذربائیجان کی سرزمین پر جاگر ے،2افراد زخمی ہوگئے،آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے کہا ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں ،ایئرپورٹ کی عمارت کو نقصان پہنچا،حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں ،ایران صورتحال کی وضاحت اور آئندہ واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے،ایرانی سفیر کو طلب کر کے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا اور واضح کردیاآذربائیجان مناسب ردعمل دینے کاحق رکھتا ہے،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا آذربائیجان کی جانب کوئی میزائل نہیں داغا، حملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ملکی فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائل ، 125 ڈرون تباہ کر دئیے،ملک کی حفاظت کےلئے ہر لمحہ چوکنا ہیں،ملبہ 2مختلف مقامات پر گرنے سے 6 پاکستانی شہری زخمی ہوگئے،حالت خطرے سے باہر ہے،عوام صرف سرکاری ذرائع سے ملنے والی معلومات پریقین اور افواہوں یا غیر مصدقہ خبروں کے پھیلاو سے گریز کریں۔
علاوہ ازیں ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں میں شہدا کی تعداد1200سے بڑھ گئی،حملوں میں تہران میں متعدد مقامات کو بھرپور نشانہ بنایاجارہاہے۔
وائٹ ہاوس نے کہا فی الحال ایران میں زمینی فوج بھیجنے کا کوئی ارادہ نہیں ،ایران 47 برس سے خطرہ ،عوام صورتحال سے آگاہ ہیں،امریکہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے منصوبے پر بھی کام کر رہا ہے۔
مزید برآں امریکی سینٹ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران پر حملے روکنے کیلئے صدر ٹرمپ پر دباو ڈالنے کی قرار داد مسترد کر دی،100 رکنی امریکی سینٹ میں قرارداد 47 کے مقابلے 52 ووٹوں سے مسترد کی گئی، سینیٹرز کی اکثریت ایران کیخلاف فوجی کارروائی کی حامی نکلی،ڈیموکریٹس ،ری پبلکنز کے سینیٹرز نے قرارداد میں مطالبہ کیا ایران پر فضائی حملے روکے جائیں اور حملوں کیلئے کانگریس سے منظوری لی جائے۔
دوسری جانب برطانیہ نے امریکہ کو ایرانی میزائل حملے روکنے کیلئے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دےدی۔
وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے کہا امریکہ کو کارروائی کی اجازت صرف مخصوص و محدود دفاعی مقصد کے تحت دی گئی، برطانوی اڈوں سے امریکی فورسز ایرانی میزائل لانچرز ،ذخیرہ مقامات کو ہدف بنا سکتی ہیں،برطانیہ کسی جارحانہ کارروائی میں شامل نہیں ہوگا، اڈوں کی فراہمی کا مقصد ایرانی میزائلوں کو لانچ ہونے پہلے روکنا ہے۔
برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمرنے مزید 4 جنگی طیارے قطر بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا صورتحال ابھی غیر یقینی ، کشیدگی بڑھنے کا خطرہ موجود ہے،نہیں جانتے صورتحال کتنی دیر تک جاری رہے گی،کشیدگی کے خاتمے کیلئے امریکہ کےساتھ بات چیت جاری ہے،طیارے قطر میں پہلے سے موجود برطانوی فوجی دستوں کےساتھ شامل ہوں گے تاکہ خطے میں برطانیہ کی دفاعی موجودگی کو مضبوط بنایا جا سکے۔
ایران کاتگڑا جوابی وار،خلیج فارس میں امریکی ٹینکر غرق،ایف 15 طیارہ بھی مار گرایا
















