5 لاکھ میٹرک ٹن گندم مسابقتی بولی کے ذریعے فروخت کرنے کی منظوری

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاسکو کے پاس موجود 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم مسابقتی بولی کے ذریعے فروخت کرنے کی منظوری دے دی،وزارت خزانہ کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں اہم معاشی امور پر غور کیا گیا اور متعدد فیصلے کیے گئے، وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پاسکو کے پاس موجود 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم کے ذخیرے کو مسابقتی بولی کے ذریعے فروخت کرنے کی تجویز پیش کی گئی اور کمیٹی کو بتایا گیا پہلے منظور شدہ ریزرو قیمتوں پر گندم فروخت کرنے کی کوشش کم بولیاں موصول ہونے کے باعث کامیاب نہ ہو سکی تھی،موجودہ ذخیرہ اندوزی اور اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے ای سی سی نے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم کو فرسٹ ان،فرسٹ آوٹ (ایف آئی ایف او) بنیاد پر نئی مقرر کردہ ریزرو قیمتوں پر فروخت کرنے کی منظوری دےدی، مقامی گندم کی فی 40 کلو قیمت 4 ہزار 150 روپے جبکہ درآمدی گندم کی فی 40 کلو قیمت 3 ہزار 800 روپے مقرر کی گئی ہے،اجلاس میں مزید برآں سابقہ پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پاک پی ڈبلیو ڈی) کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) منصوبوں کےلئے 53 کروڑ 60 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی، منظور شدہ رقم متعلقہ قانونی و آئینی تقاضوں کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو جاری منصوبوں کی تکمیل کےلئے منتقل کی جائے گی،اجلاس کے دوران پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سی اینرجیکو پی کے لمیٹڈ کےساتھ معاہدہ تصفیہ اورپٹرولیم لیوی کی ادائیگی میں تاخیر سے متعلق حقائق جاننے کی رپورٹ بھی پیش کی گئی جو ای سی سی کی سابقہ ہدایات کی روشنی میں تیار کی گئی تھی ،کمیٹی نے رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اسے مزید جامع پریزنٹیشن کےلئے آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا ہے۔