قومی سلامتی پر زیرو ٹالرنس،ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے تیار ہیں،فیلڈ مارشل

لاہور،راولپنڈی:( بیورورپورٹ)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے قومی سلامتی پر زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی،مسلح افواج ملکی جغرافیائی سرحدوں ، داخلی سلامتی کے تحفظ کےلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کر کے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ ،جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ ، فوجی جوانوں کیلئے سپورٹس و تفریحی سہولیات کا معائنہ کیا، تربیتی معیار ،جنگی صلاحیت بڑھانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، فیلڈ مارشل سی ایم ایچ لاہور میں ہائی کیئر سینٹر بھی گئے، طبی عملے و انتظامیہ کی خدمات کوسراہا۔

افسروں سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے مستقبل کی جنگوں کیلئے تیاریوں اور جدت اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہاقومی سلامتی کو لاحق خطرات پر زیرو ٹالرنس پالیسی ، پاک فوج ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے پرعزم ، خودمختاری ،علاقائی سالمیت کا تحفظ پاک فوج کا مشن ہے،مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کےلئے ثابت قدم ہیں،سید عاصم منیر نے کہاافواج اعلیٰ معیار، نظم و ضبط ، بے لوث قومی خدمت کو فروغ دے رہی ہیں،پاک فوج جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ، جوانوں کی جسمانی فٹنس ، مورال ترجیح ہے۔

قبل ازیں چیف آف ڈیفنس فورسز کا لاہور گیریژن آمد پر کور کمانڈر لاہور نے استقبال کیا۔

دریں اثنا چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے جی ایچ کیو میںملاقات کی ،باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال ،دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو فروغ دینے کے مختلف پہلوﺅں ،پیشہ ورانہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے، تربیتی وفود کے تبادلوں میں اضافے اور دفاعی تعلقات کو نئی وسعت دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

معزز مہمان نے مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کےلئے خدمات کی تعریف کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنگلہ دیش کےساتھ پائیدار ،دیرپا دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کےلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ حسن محمود خان چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے بھی ملے، ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا، ملاقات کے دوران باہمی پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی سکیورٹی صورتحال ، دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، نیول چیف نے مختلف اقدامات کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی ،استحکام کےلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔

حسن محمود خان نے پاک بحریہ کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی اور دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا، ملاقات میںباہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کےلئے اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں اور مشترکہ تربیتی مشقوں کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا،بنگلہ دیشی ائیر چیف کا دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتے دفاعی تعلقات کا عکاس ہے۔