نئی دہلی:(مشرق نیوز)اخبار دی ہندو نے2025کوعالمی سطح پر بھارت کیلئے شرمناک ناکامیوں اور بدترین سفارتی ہزیمت کا سال قراردےدیا۔
بھارتی اخبار نے 2025 کو ملکی خارجہ پالیسی کو توقعات پر پورا نہ اترنے پر ”وعدوں کے بکھرنے“ کا سال قرار دیتے ہوئے کہاعلامتی سفارتکاری، ذاتی تعلقات و بیانیہ سازی حقیقی معاشی، عسکری و سفارتی طاقت کا نعم البدل ثابت نہ ہو سکی،بھارت نے نہ صرف خود سے بلکہ اپنے شراکت داروں سے بھی ایسے وعدے کیے جن پر عملدرآمد کےلئے درکار اثرورسوخ اور قوت موجود نہیں تھی، 2025 بھارت کےلئے صدی کا مشکل ترین سال رہا،25 فیصد ٹیرف، روسی تیل پر اضافی پابندیاں اور H-1B ویزا پر قدغنوں نے واضح کر دیا واشنگٹن کےساتھ شراکت مشروط و مفاداتی نوعیت کی ہے۔
دی ہندو کے مطابق 2017 کے مقابلے میں 2025 کی امریکی نیشنل سکیورٹی سٹریٹجی میں بھارت کو محدود کردار تک سمیٹ دیا گیا ،چین ،روس کے معاملے پر تمام تر اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے باوجود لائن آف ایکچول کنٹرول پر کوئی ٹھوس سکیورٹی پیش رفت نہ ہو سکی ،سرمایہ کاری رکاوٹیںبرقرار رہیں اور بھارت محض علامتی موجودگی تک محدود رہا،امریکی دباو کے نتیجے میں روسی تیل کے معاملے پر موقف سے پیچھے ہٹنا پڑا۔
اخبار نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو سنگین سکیورٹی ناکامی قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا پہلگام حملے کے بعد بھارتی عسکری کارروائیوں کو سفارتی سطح پر عالمی حمایت حاصل نہ ہو سکی، بھارتی کارروائی کے بعد طیاروں کے نقصانات پر خاموشی نے ساکھ کو نقصان پہنچایا،سعودیہ پاکستان باہمی دفاعی معاہدہ بھارت کےلئے اضافی دھچکا ثابت ہوا،بھارتی تجزیہ کار اب پاکستان کی قیادت کو ”سخت گیر و منظم صلاحیت رکھنے والی“ ماننے لگے ہیں ،بھارت ،بنگلہ دیش کے تعلقات سب سے کشیدہ سطح پر جاپہنچے۔
دی ہندو نے کہا بھارت ”وشو گرو“ کے بیانیے سے نکل کر ”وشو وکٹم“ کی جانب بڑھ رہا ،دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانا اصلاح و حقیقت پسندانہ پالیسی سازی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے،ماہرین کے مطابق دی ہندو کی رپورٹ نے کمزور سفارتکاری کو عیاں کر دیا، بھارت کو سمجھنا ہوگا صرف دکھاوے پر مبنی سفارت کاری سے عملی نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے۔
2025عالمی سطح پر بھارت کیلئے شرمناک ناکامیوں و بدترین سفارتی ہزیمت کا سال
















