عوام کو سستے داموں معیاری ہیلمٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے: تاجر رہنما

لاہور(نعےم جاوےد) لاہور میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیے جانے اور ٹریفک قوانین پر سختی کے بعد شہر بھر کی مارکیٹوں میں ہیلمٹ کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ مختلف علاقوں کی مارکیٹوں، خصوصاً شاہ عالم مارکیٹ، برانڈرتھ روڈ، مال روڈ کے اطراف، اچھرہ اور ٹاو¿ن شپ میں فروخت ہونے والے ہیلمٹ چند ہی دنوں میں دو سے تین گنا مہنگے ہو گئے ہیں، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔مارکیٹ سروے کے مطابق وہ ہیلمٹ جو چند ہفتے قبل 500 سے 700 روپے میں دستیاب تھے، اب 1,500 سے 2,000 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں، جبکہ نسبتاً بہتر معیار اور فائبر یا فل فیس ہیلمٹ کی قیمتیں 3,000 سے 5,000 روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ بعض مقامات پر شہریوں نے شکایت کی کہ ایک ہی معیار کا ہیلمٹ مختلف دکانوں پر الگ الگ قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے اور کوئی واضح ریٹ لسٹ موجود نہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت ایک طرف ہیلمٹ نہ پہننے پر بھاری جرمانے عائد کر رہی ہے، تو دوسری طرف ہیلمٹ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی مو¿ثر نظام نظر نہیں آ رہا۔ موٹر سائیکل سوار طبقے، خصوصاً مزدوروں، ڈیلی ویجز اور طلبہ کا کہنا ہے کہ ان کیلئے اتنی مہنگی قیمت پر ہیلمٹ خریدنا مشکل ہو گیا ہے، مگر جرمانے کے خوف سے وہ مجبوراً زیادہ قیمت ادا کر رہے ہیں۔دوسری جانب ہیلمٹ فروش تاجروں کا موقف ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا تاثر یکطرفہ ہے اور اس کی بنیادی وجہ طلب میں غیر معمولی اضافہ اور سپلائی میں کمی ہے۔ شاہ عالم مارکیٹ کے ایک تاجر نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی اچانک سختی کے باعث ایک ہی وقت میں ہزاروں افراد ہیلمٹ خریدنے مارکیٹ آ گئے، جبکہ دستیاب اسٹاک محدود تھا۔ ان کے مطابق زیادہ تر سستے ہیلمٹ چین سے درآمد ہوتے ہیں، درآمدی لاگت، ڈالر کی قیمت اور ٹیکسز کے باعث قیمتیں پہلے ہی بڑھ چکی تھیں، اب طلب بڑھنے سے مزید دباو¿ آ گیا ہے۔کچھ تاجروں کا کہنا ہے کہ سستے ہیلمٹ اکثر معیاری نہیں ہوتے اور حفاظتی اصولوں پر پورا نہیں اترتے، اسلئے بہتر معیار کے ہیلمٹ نسبتاً مہنگے ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق صارفین کم قیمت کے چکر میں غیر معیاری ہیلمٹ خریدتے ہیں جو حادثے کی صورت میں جان بچانے کے بجائے محض رسمی حیثیت رکھتے ہیں۔ تاجروں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ غیر معمولی منافع نہیں کما رہے بلکہ ہول سیل ریٹ بڑھنے کی وجہ سے ریٹ اوپر گئے ہیں۔تاہم کچھ دکانداروں نے غیر رسمی گفتگو میں تسلیم کیا کہ اچانک مانگ بڑھنے سے بعض عناصر نے منافع خوری کی کوشش کی، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں قیمتوں کا واضح فرق پیدا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت یا ضلعی انتظامیہ قیمتوں کی مانیٹرنگ کرے اور سرکاری سطح پر مناسب معیار کے ہیلمٹ رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں تو صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔ تاجر رہنما وقار احمد، میاں عمر قریشی، فاران سعےد بٹ، میاں سلیم، ممتاز حسین بخاری، راجہ حسن اختر کا کہنا ہے کہ لاہور جیسے گنجان آباد شہر میں ٹریفک حادثات ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکے ہیں اور موٹر سائیکل سوار سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق ہیلمٹ کا استعمال کسی قانونی مجبوری سے زیادہ اپنی جان کے تحفظ کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے سختی دراصل شہریوں میں ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے کی ایک کوشش ہے، جسے سراہا جانا چاہیے۔ وقار احمد کے بقول اگر اس مہم کو تسلسل کے ساتھ چلایا جائے تو چند ماہ میں مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔نے اس اقدام کو ایک سماجی اصلاح قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقہ بھی اس بات کا حامی ہے کہ سڑکوں پر ہونے والے حادثات میں کمی آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ کسی حادثے کی وجہ سے کسی گھر کا چراغ بجھ جانا پورے معاشرے کیلئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے اور شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرے گی، تاکہ لوگ جرمانے کے خوف سے نہیں بلکہ اپنی حفاظت کے شعور کے تحت ہیلمیٹ استعمال کریں۔ترقی یافتہ ممالک میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہاں حادثات کی شرح نسبتاً کم ہے۔ ان کے مطابق لاہور میں بھی اگر ایسے قوانین کو مستقل بنیادوں پر نافذ کیا جائے تو نہ صرف قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں بلکہ مجموعی طور پر ٹریفک کا نظام بھی بہتر ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور پولیس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داری نبھانا ہو گی۔ ہیلمٹ کے استعمال سے متعلق مہم کو صرف چالان تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ معیاری اور سستے ہیلمٹ کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کو معقول قیمت پر معیاری ہیلمٹ ملیں گے تو خودبخود ان کا رجحان بڑھے گا۔ ان کے مطابق ٹریفک پولیس کی نیت اور مقصد درست ہے اور تاجر برادری اس اقدام میں رکاوٹ بننے کی بجائے اس کا حصہ بننا چاہتی ہے۔