پاکستان پہلے 3 کرپٹو اپنانے والے ممالک میں شامل ہے،بلال بن ثاقب


اسلام آباد (بیورورپورٹ) معاون خصوصی وزیراعظم برائے بلاک چین و کرپٹو بلال بن ثاقب نے کہا ہے پاکستان دنیا کے پہلے 3کرپٹو اپنانے والے ممالک میں شامل ہے،نئے فریم ورک سے منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکدی، 10 برس میں ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی خود مختاری مستحکم کریں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلال بن ثاقب نے کہاتاریخ میں پہلی بار ایکس چینجز کیلئے منظم، شفاف و عالمی معیار کا راستہ کھول دیا ،بائنانس ،ایچ ٹی ایکس کو این او سی کا اجرا نئی سوچ کا عملی قدم ہے، فریم ورک کے تحت اینٹی منی لانڈرنگ ،دہشتگردی کی مالی معاونت کی نگرانی ممکن ہوگی، پاکستان نے کوئی انوکھا ماڈل متعارف نہیں کرایا، دنیا کے بڑے مالی مراکز اسی طرح کے مرحلہ وار ماڈلز اپناتے ہیں، دنیا کے پہلے 3 کرپٹو اپنانے والے ممالک میں پاکستان کا شمار ہے۔

معاون خصوصی وزیراعظم نے کہاعالمی مالیاتی نظام کے تحت بروقت و درست فیصلے کرنے ہیں، قانونی ،منظم راستے کے بغیر صلاحیتوں کا کوئی فائدہ نہیں،پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثے اپنانے کی بے پناہ صلاحیت موجود ،3 سے 4 کروڑ پاکستانی استعمال کررہے ہیں،100 ٹریلین ڈالر کا عالمی بانڈ مارکیٹ ڈیجیٹل ریلز کی طرف بڑھ رہا ہے، فریم ورک صرف ٹریڈنگ نہیں صنعتوں کیلئے بھی فائدہ مند ہے،پاکستان اگلے 10 سال میں ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی خودمختاری مستحکم کر چکا ہوگا،ملک کا مستقبل امپورٹ نہیں ،آپ کے ہاتھوں بننا چاہیے، نوجوان نسل ورلڈکلاس ہے، آپ انووویشن کو اگنور یا ختم نہیں کر سکتے ،صحیح پالیسیاں لانا ہوں گی۔

بلال بن ثاقب نے کہا پاکستان کے پاس موجود مواقع بہت کم ممالک کے پاس ہیں، کرپٹو کو ریگولیٹ کرنا چاہ رہے ہیں، ٹیلنٹ کا فائدہ تب ہے جب پاس لیگل سٹرکچر یا فریم ورک ہو، ٹیلنٹ کیلئے راستہ فراہم کرنے کی ضرورت ہے،فریم ورک صرف ٹریڈنگ کیلئے نہیں، پاکستان کو 2050 کی انڈسٹریز کیلئے تیار کرنا چاہ رہے ہیں، چاہتے ہیں پاکستانی نوجوان صرف صارفین نہ بنیں بلکہ گلوبل ایکسپرٹس بنیں،پاکستانی قانون اور فریم کی پاسداری کرنے والے اداروں کو ہی لائسنس جاری ہوگا۔