ٹیکس چوری کا بڑھتا رجحان، ایف بی آر کا کریک ڈاﺅن وسیع

لاہور(نعےم جاوےد) ایف بی آر نے ملک بھر میں ٹیکس چوری کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے جس کے تحت مختلف شعبوں میں خفیہ آمدن، بے نامی جائیدادوں، جعلی انوائسز اور سیلز ٹیکس فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔ ادارے کے مطابق ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور ریونیو میں اضافہ یقینی بنانے کیلئے خصوصی مہم جاری ہے، جس میں نہ صرف بڑے کاروباری گروہوں بلکہ ہائی پروفائل انفرادی ٹیکس چوروں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں متعدد ایسی کمپنیوں اور افراد کے خلاف تحقیقات مکمل کی جا چکی ہیں جو لاکھوں روپے کی آمدن کے باوجود ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرا رہے تھے یا اپنی اصل آمدن چھپا رہے تھے۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ونگ نے لاہور، کراچی، فیصل آباد اور پشاور میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران سیلز ٹیکس میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے ثبوت حاصل کئے۔ کچھ کاروباری گروپس پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی کمپنیوں کے ذریعے ان پٹ ٹیکس ریفنڈز حاصل کئے جبکہ متعدد صنعتکاروں نے اپنی سالانہ ٹرن اوور کم ظاہر کر کے کروڑوں روپے کا ٹیکس بچایا۔ ایف بی آر نے ان کیسوں میں بینک اکاونٹس، جائیدادوں کا ریکارڈ اور درآمدی و برآمدی ڈیٹا بھی طلب کر لیا ہے تاکہ اصل ٹیکس واجبات کا تعین کیا جا سکے۔ادارے کے مطابق ٹیکس چوری نہ صرف ملکی معیشت کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کے ساتھ بھی ناانصافی ہے۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں مزید نام سامنے آئیں گے اور کسی بااثر فرد یا گروپ کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ جدید ڈیٹا انٹی گریشن سسٹم کے ذریعے نادرا، بینکنگ سیکٹر اور صوبائی ریونیو اتھارٹیز سے ڈیٹا حاصل کر کے ٹیکس چوروں کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور جہاں ضروری ہوا وہاں فوجداری کارروائی بھی کی جائے گی۔ایف بی آر کے ترجمان نے موقف اختیار کیا ہے کہ ادارہ ٹیکس نظام کو شفاف بنانے کیلئے پرعزم ہے اور کاروباری طبقے کو ہراساں کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ترجمان کے مطابق ”جو لوگ اپنی آمدن درست ظاہر کرتے ہیں اور بروقت گوشوارے جمع کراتے ہیں انہیں پریشان کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ البتہ ٹیکس چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی کیونکہ ملک کو معاشی استحکام کی طرف لے جانے کیلئے ضروری ہے کہ ہر شہری اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرے۔“ ادارے نے ٹیکس دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ گوشوارے بروقت فائل کریں اور اپنی معلومات نظام میں درست درج کریں تاکہ کارروائیوں کے دوران انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔