پاکستان کی معاشی سمت درست ، زرمبادلہ ذخائر بہتر ،ٹیکس آمدن بڑھی،آئی ایم ایف

نیویارک،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان کی معاشی سمت درست،سیلاب کے باوجود پروگرام پر سختی سے عملدرآمد کیا، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے 1.2 ارب ڈالر کی منظوری کااعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے سیلاب کے باوجود غیرملکی دباو برداشت ،استحکام حاصل کیا، معاشی و توانائی اصلاحات بروقت کی گئیں، سیلاب کے باوجود پیداوار بہتر رہی ، مقابلے کا رحجان بڑھا،موسمیاتی تبدیلیوں پر آر ایس ایف پروگرام کے اہداف بھی حاصل کیے، پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر فوری طور پرمنتقل کیے جائیں گے۔

آئی ایم ایف نے کہاموجودہ قرض پروگرام کے تحت معاشی اصلاحات سے استحکام آیا، زرمبادلہ ذخائر بہتر ،ٹیکس آمدن بڑھی ،معیشت میں ٹیکسوں کا حصہ بڑھا،اصلاحات سے سرکاری کارپوریشنز کی کارکردگی بہتر ، توانائی کی لاگت میں کمی ہوئی اور شعبہ کاروبار کے قابل ،مالی سال 2025 میں پرائمری بیلنس معیشت 1.3 فیصد سرپلس رہا۔

اعلامیے میں کہاگیا سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں افراط زر کی شرح ضرور بڑھی تاہم عارضی ہے،مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر 9.4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 14.5 ارب ڈالر تک پہنچے، توقع ہے موجودہ مالی سال کے اختتام تک زرمبادلہ ذخائر میں مزید بہتر آئے گی،ریزیلینس سسٹین ایبیلیٹی فیسیلیٹی پروگرام کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصان کو کم کرنا ہے،پروگرام سے وفاق ، صوبوں کے درمیان سیلابی صورتحال میں باہمی تعاون بڑھے گا، سیلاب کے نقصانات کی معلومات بروقت حاصل اور رپورٹ مکمل ہوسکے گی۔

آئی ایم ایف کے ڈپٹی ڈائریکٹر نیگل کلاک نے کہا پاکستان کو موجودہ قرض پروگرام سے معاشی استحکام ، معاشی ترقی کی شرح بہتر، مالیاتی ،کرنٹ اکاونٹ خسارہ کنٹرول کرنے میں مدد ملی،معاشی اصلاحات پر عملدرآمد جاری رکھنا ہوگا، سخت مانیٹری پالیسی کی وجہ سے افراط زر کنٹرول میں ہے۔

نیگل کلاک نے کہا مہنگائی کنٹرول کرنے کےلئے سٹیٹ بینک نے ہدف حاصل کیا، پاکستان میں کیپٹل مارکیٹ کا فروغ ہوگا ،نجی شعبے کیلئے قرضوں کا حجم بڑھے گا،ٹیرف پر فیصلے بروقت کرنے سے سرکلر ڈیٹ کنٹرول ہوا، پاکستان کو بجلی کی لاگت ،نقصانات میں کمی لانا ہوگی، گیس شعبے میں لاگت بڑھنے والے عوامل کنٹرول کرنا ہوں گے،سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے سٹرکچرل اصلاحات کی کوششیں ،نجکاری کی رفتار تیز ، معاشی ڈیٹا کے حصول کا طریقہ کار مزید بہتر بنانا ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا اصلاحاتی ایجنڈے کے نفاذ اور معاشی ترقی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کاکلیدی کردار ہے،پاکستان جلد قرضوں سے مکمل نجات حاصل کرکے معاشی طور پر خود کفیل ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان میں معاشی اصلاحات و اقدامات کے موثر نفاذ پر اظہار اطمینان معاشی ٹیم بالخصوص وزیر خزانہ اورنگزیب ،ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے،ڈیفالٹ کے دہانے سے ملک کو استحکام و ترقی کی سمت میں گامزن کرنا کٹھن مرحلہ تھا ،سب نے ملکر قربانی دی،سیاسی جماعتوں نے سیاست کی قربانی دےکر اور قوم نے معاشی مشکلات برداشت کرکے نا ممکن کو ممکن کر دکھایا۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان کی معاشی اصلاحات ،ڈیجیٹائیزیشن کامیاب کیس سٹڈی کے طور پر دنیا بھر میں مثال بن گئی ،معاشی ترقی کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہوگا، استحکام کے بعد ترقی کی سمت میں گامزن معیشت کیلئے بھی مزید محنت درکار ہے،بطور خادم پاکستان عوام کی خوشحالی ، بیرونی قرضوں سے مکمل نجات تک محنت جاری رکھوں گا۔