لیسکو و دیگر سرکاری اداروں کی عدم توجہ، عابد مارکیٹ درجنوں مسائل کا شکار

لاہور ( نعیم جاوید)صوبائی دارالحکومت لاہور کی دوسری سب سے بڑی الیکٹرانکس مارکیٹ لیسکو اور دیگر محکموں کی عدم توجہ کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے۔ اس سلسلے میں روزنامہ ”مشرق“ لاہور نے عابد مارکیٹ کے عہدیداروں سے گفتگو کی۔ لیسکو والے عابد مارکیٹ میں بھی حفیظ سینٹر جیسا سانحہ رونما ہونے کے منظر ہیں۔ پلازوں اور مارکیٹ کی سڑکوں پر بجلی کی تاریں ٹوٹنے اور آگ لگنے کے کئی واقعات ہو چکے ہیں، لیسکو والے ہم سے ہر ماہ لاکھوں روپے کی دیہاڑی لگاتے ہیں مگر مسائل وہی کا وہی موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عابد مارکیٹ کے صدر میاں طارق فیروز، سیکرٹری جنرل مےاں ممنون سعےد، نائب صدر اشفاق شاہ، جوائنٹ سیکرٹری شیخ احمد اور سیکرٹری انفارمیشن یوسف جاوید نے ”مشرق“ لاہورے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی رشوت کھانے کے باوجود پوری مارکیٹ کے اندر بجلی کے تار لٹک رہے ہیں مارکیٹ میں موجود دو بینکوں کا لوڈ بھی مارکیٹ پر ڈال دیا گیا ہے، حالانکہ ان بینکوں کے الگ ٹرانسفارمر ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ آئے دن ٹرانسفارمر خراب ہونے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ گولا تار ڈالی جائے اور بینکوں کے الگ ٹرانسفارمر لگانے جائیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس بات کی شکائیت ہم وزیر اعلیٰ شکایت سیل میں بھی کر چکے ہیں اگر عابد مارکیٹ میں کسی بھی جگہ آتشزدگی کا واقعہ ہوا تو اس کی ذمہ داری لیسکو پر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی دوسری سب سے بڑی الیکٹرانک مارکیٹ متعلقہ محکموں کی عدم توجہ کی وجہ سے مسائل کا گڑھ بن چکی ہے۔ بجلی کے بعد سب سے بڑا مسئلہ ٹریفک جام کا ہے جو کہ تجاوزات اور غلط پارکنگ کی وجہ سے ہوتی ہے کارپوریشن کا عملہ ریڑھی والوں سے پیسے لیکر ہماری دکانوں کے آگے انہیں کھڑا کر دیتے ہیں۔ٹریفک وارڈن بھی کبھی نظر نہیں آتے لہٰذا ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک جام کا مسئلہ حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکے علاوہ بارشوں کے پانی کا مسلئہ ہے عابد مارکیٹ میں سیوریج کا نیا سسٹم ڈالا جائے۔ آخر پر انہوں نے کہا کہ اگر آتشزدگی کا کوئی واقعہ ہوا تو ہم متعلقہ لیسکو ایس ڈی او اور ایکسین پر مقدمہ درج کروائیں گے۔