کراچی (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن اور جدید سہولیات کی فراہمی ملکی معیشت کے استحکام میں مرکزی کردار ادا کرے گی،وفاقی حکومت صوبہ سندھ کی حکومت کے تعاون سے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر)کی جدید خطوط پر ازسرنو تعمیر کے ساتھ ساتھ صوبے اور ملک بھر کے تمام ریلوے سٹیشنوں کو اپ گریڈ کرے گی۔وہ کراچی کنٹونمنٹ ریلوے اسٹیشن پر نیو شالیمار ایکسپریس اور نئے تزئین و آرائش شدہ ویٹنگ ایریاز اور لانوجز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ سمیت اعلی حکام موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا منصب سنبھالتے ہی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے قومی ریلوے نظام کی بہتری کےلئے دن رات محنت کی، لاہور ریلوے سٹیشن کی بحالی کے بعد اب کراچی کینٹ سٹیشن کو بھی جدید سہولیات کے ساتھ اپ گریڈ کیا گیا ہے، کراچی سے لاہور تک چلنے والی شالیمار ایکسپریس کو جدید خطوط پر نئے انداز میں متعارف کرا دیا گیا ہے، شہباز شریف نے کراچی کو نہ صرف معاشی مرکز بلکہ پاکستان کا دل قرار دیا،وزیراعظم نے کہا پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں کےساتھ تعاون جاری رہے گا تاکہ ریلوے نیٹ ورک کی جدید کاری کے ذریعے ملکی معیشت کو مزید مضبوط کیا جاسکے، حکومت وسطی ایشیا تک ریلوے نیٹ ورک کی توسیع کےلئے بھی اقدامات کر رہی ہے، خاص طور پر ازبکستان،افغانستان،پاکستان ریلوے لائن منصوبے کو اہم قرار دیا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد،استنبول ریلوٹ کو بھی دوبارہ فعال کرنے پر زور دیا، حنیف عباسی ایشیائی ترقیاتی بینک سے 2 ارب ڈالر کے قرض کےلئے مذاکرات کر رہے ہیں تاکہ ریلوے کے مزید پراجیکٹس کو جدید بنایا جا سکے، وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے کے سی آر منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے کی درخواست پر وزیراعظم نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے انتہائی اہم منصوبہ قرار دیا۔
ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن ملکی معیشت کے استحکام میں مرکزی کردار ادا کرے گی:وزیر اعظم
















