گوادر سے عمان تک فیری سروس منظور، سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع

اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت نے گوادر سے عمان تک فیری سروس کی منظوری دیدی ہے جو اس شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین موقع ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے گوادر سے عمان تک فیری سروس کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے جس کے بعد دونوں ممالک بہت جلد فیری لنک کے قیام کیلئے مفاہمت نامے پر دستخط کریں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ سروس کے آغاز کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی غرض سے ایک اعلیٰ سطح کا عمانی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ گوادر عمان فیری سروس کے آغاز سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ہوگا جبکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ روٹ پاکستانی تارکین وطن کیلئے سفر کو نہ صرف آسان بنائے گا بلکہ سیاحت، ثقافت اور باہمی روابط کو بھی فروغ دے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نئی سمندری راہداریوں کے قیام سے خطے کے دیگر ممالک کو بھی وسط ایشیا کی منڈیوں تک بہتر رسائی ملے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ فیری سروس سے گوادر میں اقتصادی سرگرمیوں کو نئی سمت ملے گی اور بندرگاہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں کا نیا مرکز بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبے کی تکمیل سے پاکستان اور عمان کے درمیان معاشی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔