لاہور (نعےم جاوےد) داتا دربار کے اطراف پرندہ مارکیٹ گرانے کے حالیہ واقعہ نے تاجروں میں شدید بے چینی اور غم و غصے کی لہر پیدا کر دی ہے۔ تاجر رہنماوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے بغیر پیشگی اطلاع اور مناسب متبادل دیے بغیر اچانک آپریشن کیا جس سے نہ صرف لاکھوں روپے کا سامان تباہ ہوا بلکہ درجنوں خاندانوں کا روزگار بھی بری طرح متاثر ہوا۔ ان کے مطابق کئی دہائیوں سے یہ مارکیٹ اس علاقے میں قائم تھی اور پرندوں کے کاروبار سے وابستہ سینکڑوں افراد اپنا معاش چلا رہے تھے، اس لئے اسے ایک جھٹکے میں ختم کر دینا ناانصافی کے مترادف ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر تجاوزات یا صفائی کے مسائل تھے تو ان کے حل کیلئے بہتر حکمت عملی اپنائی جا سکتی تھی، مگر مکمل انہدام نے مسائل بڑھا دیے ہیں۔روز نامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے تاجر رہنما حاجی طاہر نوےد ،سرکلر روڈ کے صدر عادل منےر ،فاران سعےد بٹ نے کہ آپریشن رات کے وقت یا صبح سویرے کیا گیا جس دوران دکانداروں کو اپنا سامان نکالنے کی مہلت تک نہیں دی گئی۔ کئی دکاندار صبح آئے تو ان کی جگہ ملبے کا ڈھیر موجود تھا جس پر وہ بے بسی سے کھڑے رہ گئے۔ تاجروں کے مطابق یہ طرز عمل کاروباری طبقے کے ساتھ زیادتی ہے اور اس سے حکومت اور تاجروں کے درمیان اعتماد کی فضا متاثر ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے دعوے تو ہیں کہ کاروبار کو سہولتیں دی جائیں گی، مگر عملی اقدامات اس کے برعکس نظر آتے ہیں۔تاجر رہنماوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ دکانداروں کو فوری طور پر متبادل جگہ فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بازار اور مارکیٹس صرف دکانوں کا مجموعہ نہیں ہوتیں بلکہ لاکھوں لوگوں کے روزگار کا ذریعہ ہوتی ہیں۔ اگر شہر کی خوبصورتی یا تجاوزات کے خاتمے کے نام پر ایسی مارکیٹیں گرانا ضروری ہے تو اس سے پہلے متاثرین کیلئے واضح منصوبہ بندی ہونی چاہئے تاکہ لوگوں کو معاشی تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کچھ رہنماوں نے حکومت سے معاوضہ دینے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ تاجروں کا مالی نقصان کسی حد تک پورا ہو سکے۔تاجر برادری کا کہنا ہے کہ وہ شہر کی بہتری اور صفائی کے منصوبوں کے خلاف نہیں، مگر بغیر رابطے، بغیر نوٹس اور بغیر متبادل کے کارروائیاں برداشت نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ مستقبل میں ایسے اقدامات سے پہلے مشاورت کی جائے، ڈائیلاگ کا راستہ اپنایا جائے اور کاروباری طبقے کو سہارا دینے کی پالیسی اختیار کی جائے۔ تاجروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو وہ احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے، کیونکہ ان کیلئے یہ صرف دکان نہیں بلکہ ان کے گھروں کا واحد ذریعہ معاش ہے۔دوسری طرف،(ایل ڈی اے) نے کہا ہے کہ یہ مارکیٹ غیر قانونی تجاوزات پر مشتمل تھی، اس کیلئے نوٹس دئیے گئے تھے اور جانوروں کی ہلاکت کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ تاجر رہنماوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اس کا نوٹس لینے، متاثرین کو معاوضہ دینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پیشگی اطلاع دئیے بغیر پرندہ مارکیٹ مسمار کرنا ظلم ہے: تاجر رہنما
















