استنبول،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے پاک افغان مذاکرات ختم،پاکستانی وفد واپس، اگلے دور کا کوئی پروگرام نہیں، ثالثوں نے بھی ہاتھ اٹھا لیے۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا پاکستانی وفد کا خالی ہاتھ واپس آنا دلیل ہے ثالثوں کو بھی اب افغانستان سے امید نہیں ،ترکیہ ،قطرکے شکر گزار ہیں، خلوص کےساتھ ثالثوں کا کردار ادا کیا،دونوں ممالک پاکستانی موقف کی حمایت کرتے ہیں،افغان وفد کہہ رہا تھا بات کا زبانی اعتبار کیا جائے جس کی کوئی گنجائش نہیں ، بین الاقوامی مذاکرات کے دوران کی گئی حتمی بات تحریری طور پر کی جاتی ہے، مذاکرات میں افغان وفد پاکستانی موقف سے متفق مگر لکھنے پر راضی نہ تھا۔
وزیر دفاع نے کہا ثالثوں کو ذرا بھی امید ہوتی تو کہتے آپ ٹھہر جائیں،افغان سرزمین سے حملہ ہوا تو حساب سے ردعمل دیں گے،کوئی کارروائی نہیں ہوتی تو سیز فائر قائم ہے،ایک ہی مطالبہ ہے افغان سرزمین پاکستان کیخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہو،خواجہ آصف نے کہا کل کہیں گے الف نے بات کی ب نے منظوری نہیں دی، مکرنے کے چانسز ہر وقت رہتے ہیں جب تک گواہوں کے سامنے انگوٹھے نہیں لگائیں گے زبانی باتوں پر کون اعتبار کرے گا؟ دہشتگردی کے سارے فرنچائز افغانستان میں ہیں۔
دریں اثنا وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا مذاکرات میں ثالثی پر ترکیہ ، قطر کا شکریہ ادا کیا ، پاکستان اصولی موقف پر قائم ہے، افغان سرزمین سے دہشتگردی پر قابو پانا کابل حکومت کی ذمہ داری ہے،طالبان دوحہ امن معاہدے ،بین الاقوامی، علاقائی، دوطرفہ وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا پاکستان خیرسگالی کا جذبہ رکھتا اورافغان عوام کیلئے پرامن مستقبل کا خواہش مند ہے تاہم طالبان حکومت کے ایسے اقدام کی حمایت نہیں کریں گے جو افغان عوام اور پڑوسی ممالک کے مفاد میں نہ ہوں،عوام و خودمختاری کے تحفظ کےلئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھیں گے۔
اسلام آباد (بیورورپورٹ)پاکستان نے افغان سرزمین سے دہشتگرد حملوں کے ٹھوس شواہد ثالثوں کے حوالے کردئیے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاحملوں سے معصوم لوگ نشانہ بنتے ہیں،افغا ن سرزمین پاکستان کےخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، ثالثوں کو لوجیکل معلومات شیئر کی گئیں۔
ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے طاہر اندرانی نے کہا پاکستان کی جانب سے ثالثوں کو فراہم کردہ معلومات منصفانہ ،مطالبات نہایت سادہ، واضح اور شواہد پر مبنی ہیں، ثالثوں نے پاکستان کے موقف کی مکمل تائید کردی، سوشل میڈیا کے کسی بیان پر دھیان نہ دیا جائے، مثبت جائزے کے بعد ہی سرحدیں کھولنے پر بات کی جاسکتی ہے۔
دفتر خارجہ نے کہا بنیادی مطالبہ ہے افغان سرزمین دہشتگردی کےلئے استعمال نہ ہو،سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں ، مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کا سامنا کر رہے ہیں، بھارتی میڈیا کی انٹیلی جنس افسروں کی ملاقاتوں ،پیسے کی افواہیں پریوں کی کہانیاں ہیں،پاکستانی بہادر فضائیہ نے جتنے بھی طیارے گرائے اب تاریخ کا حصہ ہیں، اپنی فضائیہ کی طرف سے گرائے جانے والے طیاروں کی تعداد پر کھڑے ہیں، پاک فضائیہ نے اپنے سے کئی گنابڑے دشمن کو شکست دی، عوام کی جانوں کو ہر صورت محفوظ بنائیں گے۔
طاہر اندرابی نے کہا کوئی ملاقات کی نہ کسی سے غزہ فوج کے بدلے رقم مانگی، بھارتی میڈیا بے بنیاد خبروں کےلئے مشہور ہے،غزہ میں امن فوج بھیجنے کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی،داعش کی پاکستان میں موجودگی کی خبریں بے بنیاد ہیں،2400 ہندوں یاتریوں کو ویزے جاری کیے، بھارتی خبریں حقائق کے منافی ہیں، کچھ ہندو یاتریوں کو نامکمل دستاویز کی بنیاد پر واپس بھیجا گیا۔
پاک افغان مذاکرات ختم، پاکستانی وفد واپس، ثالثوں نے بھی ہاتھ اٹھالیے،وزیر دفاع


















