لاہور (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران لنڈا بازار (نعیم میر گروپ) کے عہدیداران کا ایک اہم اجلاس گزشتہ روز چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران لنڈا بازار سید ممتاز حسین بخاری کی صدارت میں انکے آفس میں منعقد ہوا جس میں لنڈا بازار اور اس سے منسلک مارکیٹوں کے تاجروں کو درپیش مختلف مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں شیخ عرفان اقبال صدر لنڈا بورڈ، سید راشد حسین شاہ صدر گارمنٹس مارکیٹ لنڈا بازار، علی نصرت بٹ صدر لنڈا بازار اور شیخ رمضان سینئر نائب صدر گارمنٹس مارکیٹ لنڈا بازار لاہور سمیت دیگر تاجر رہنماوں نے شرکت کی۔ شرکاءنے بازار میں صفائی ستھرائی، تجاوزات، سیکیورٹی کے انتظامات، پارکنگ کے مسائل اور سردیوں کے موسم میں خریداروں کے رش کے دوران ٹریفک کے دباﺅ جیسے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ انتظامیہ کے ساتھ رابطے بڑھا کر تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائیگا۔ چیئرمین سید ممتاز حسین بخاری نے کہا کہ لنڈا بازار لاہور کی ایک تاریخی اور عوامی منڈی ہے جہاں روزانہ ہزاروں لوگ خریداری کیلئے آتے ہیں مگر تاجر برادری کو درپیش مسائل پر حکومت کی توجہ کم ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں مزید بہتر انداز میں جاری رہ سکیں۔ اجلاس کے اختتام پر تاجروں نے باہمی اتحاد و اتفاق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لنڈا بازار کے مفاد میں سب گروپس ایک پلیٹ فارم پر متحد رہیں گے تاکہ تاجروں کے حقوق کا بہتر دفاع کیا جا سکے۔
لنڈا بازار تاجروں کے مسائل حل کئے جائیں: سید ممتاز حسین بخاری
















