چکی آٹا، چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، بے بس شہریوں کا گھریلو بجٹ شدید متاثر

لاہور (نعیم جاوید) لاہور میں چکی آٹا اور چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ شہریوں کیلئے شدید پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔ چکی آٹے کی قیمت حالیہ دنوں میں ایک بار پھر بڑھ کر تقریباً 135 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے بجلی اور گندم کی قیمتوں میں معمولی کمی کے باعث چکی آٹا130 روپے فی کلو تک دستیاب تھا، مگر اب گندم کے نرخوں اور پیداواری اخراجات میں دوبارہ اضافے نے آٹے کی قیمت کو ایک مرتبہ پھر اوپر دھکیل دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی یہ لہر خاص طور پر ان خاندانوں کیلئے ناقابل برداشت بنتی جا رہی ہے جو پہلے ہی محدود آمدنی میں گھر کے اخراجات پورے کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ نان بائی طبقے نے بھی اشارہ دیا ہے کہ اگر آٹے کے نرخ اسی رفتار سے بڑھتے رہے تو روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوجائیگا جس سے بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔چینی کی صورتحال آٹے سے بھی زیادہ تشویشناک ہے۔ شہر کے بیشتر بازاروں میں چینی کی فی کلو قیمت190 سے220روپے تک جا پہنچی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ صرف کاغذوں تک محدود ہیں اور مارکیٹ میں کہیں بھی مقرر کردہ قیمت پر چینی دستیاب نہیں۔ دکانداروں نے بھی شکوہ کیا ہے کہ جب سپلائی ہی مطلوبہ مقدار میں نہیں مل رہی تو وہ کم نرخوں پر فروخت کیسے کر سکتے ہیں۔ اس کمی اور مہنگائی نے عام گھرانوں کا بجٹ بری طرح متاثر کیا ہے، کیونکہ چینی ایک ایسی بنیادی ضرورت ہے جو ہر گھر میں روزانہ استعمال ہوتی ہے۔ کچھ شہریوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بار بار یہ یقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے گا، لیکن عملی طور پر صورت حال مزید خراب ہی ہوتی جا رہی ہے۔عوام کا عمومی ردعمل یہ ہے کہ مہنگائی نے روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ خاص طور پر متوسط اور نچلے طبقے کے افراد خود کو بے بس محسوس کر رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ آٹا، چینی، گھی اور دال جیسی بنیادی اشیاءکی قیمتیں جب مسلسل بڑھتی رہیں گی تو گھر کا بجٹ ترتیب دینا ممکن نہیں رہے گا۔ بعض شہریوں نے یہ بھی کہا کہ وہ مجبوراً استعمال میں کمی کررہے ہیں اور کئی خاندان چینی کو محدود یا مکمل طور پر ترک کرنے پر بھی مجبور ہو چکے ہیں۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو آٹا اور چینی کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں میں بے چینی بڑھا دی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت موثر اقدامات کرتے ہوئے نہ صرف سپلائی بہتر بنائے بلکہ قیمتوں کے استحکام کیلئے سخت نگرانی کا نظام بھی فعال کرے، تاکہ عام آدمی کو کچھ ریلیف مل سکے۔