اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان ڈیجیٹل لٹیروں کے نشانے پر آگیا جہاں صارفین کو ہر سال 9 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ بین الاقوامی الائنس کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کو مالیاتی فراڈ سے 9.3 ارب ڈالر کا سالانہ نقصان ہونے سے جی ڈی پی کا 2.5 فیصد حصہ ضائع ہو رہا ہے۔ ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ عوامی آگاہی ہی مالی سکیموں سے بچاﺅ کا موثر ذریعہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت کو مالیاتی فراڈ اور ڈیجیٹل سکیموں کے باعث ہر سال تقریباً 9.3 ارب ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے، جو ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا 2.5 فیصد بنتا ہے۔ یہ نقصان آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام سے 33 فیصد زیادہ ہے۔
یہ انکشاف گلوبل سٹیٹ آف سکیمز رپورٹ 2025 میں کیا گیا ہے، جو گلوبل اینٹی سکیم الائنس اور فیڈزائی نے مشترکہ طور پر جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ان ترقی پذیر ممالک میں شامل ہے، جہاں مالیاتی فراڈ معیشت کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔
یہ رپورٹ 42 ممالک کے 46 ہزار بالغ افراد کے سروے پر مبنی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر میں ہر 10 میں سے 7 بالغ افراد گزشتہ سال کسی نہ کسی سکیم کا شکار ہوئے جبکہ 13 فیصد افراد روزانہ سکیم کی کوششوں کا سامنا کرتے ہیں۔
پاکستان میں اگرچہ فی کس نقصان دیگر ممالک کے مقابلے میں کم یعنی اوسطاً 139 ڈالر فی متاثرہ فرد ہے، لیکن مجموعی طور پر یہ نقصان اربوں روپے کے مالیاتی اخراج کا باعث بنتا ہے۔ دنیا بھر میں گزشتہ سال کے دوران ایسے سکیمز سے 442 ارب ڈالر کا نقصان رپورٹ ہوا، جس سے عالمی مالیاتی نظام پر اس کے تباہ کن اثرات نمایاں ہوئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آن لائن خریداری کے فراڈ (54 فیصد)، سرمایہ کاری اسکیمیں (48 فیصد) اور جعلی انعامی اسکیمیں (48 فیصد) دنیا بھر میں سب سے زیادہ عام ہیں۔ اسکیمز کے ذریعے سب سے زیادہ رقوم بینک ٹرانسفرز (29فیصد) اور کریڈٹ کارڈز (18 فیصد) کے ذریعے لوٹی گئیں۔
پاکستان ایشیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو ڈیجیٹل سکیمرز کیلئے آسان ہدف بن چکے ہیں۔ یہاں فراڈیے مختلف حربے استعمال کرتے ہیں تاکہ صارفین کی محنت کی کمائی لوٹ سکیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر سائبر رسک مینجمنٹ ریحان مسعود کے مطابق مالیاتی فراڈ اور سکیم میں فرق سمجھنا ضروری ہے۔ ڈیجیٹل بینکنگ اور والٹ اکاونٹس کے غلط استعمال کے امکانات اب نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں کیونکہ سٹیٹ بینک نے سائبر سکیورٹی کا فریم ورک مزید مضبوط بنا دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب کوئی بھی بینک اکاو¿نٹ غیر شناخت شدہ ڈیوائس سے استعمال نہیں کیا جا سکتا، حتیٰ کہ قانونی و مجاز صارفین کو بھی نئی ڈیوائس پر دو مرحلہ جاتی توثیق اور بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرنا ہوتی ہے۔ ریحان مسعود کے مطابق ان اقدامات سے اکاونٹس کے غلط استعمال کے ذریعے مالیاتی فراڈز کے امکانات 90 فیصد سے زائد کم ہو چکے ہیں، جو آنے والے عرصے میں 100 فیصد تک ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر دھوکہ دہی کی وارداتیں اس وقت کامیاب ہوتی ہیں جب صارفین خود ہی اپنے پن کوڈز یا تصدیقی کوڈز سکیمرز کیساتھ شیئر کر دیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر متاثرین خود اپنی حساس معلومات، جیسے بینک اکاونٹس، والٹس اور کارڈ تفصیلات، فراڈیوں کو فراہم کرتے ہیں۔ یہ معلومات بعد میں غیر مجاز لین دین کیلئے استعمال کی جاتی ہیں۔ پاکستان میں ڈیجیٹل لین دین کے بڑھتے رجحان کے ساتھ مالیاتی فراڈ کے کیسوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک میں ایس ایم ایس، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جعلی سرمایہ کاری، انعامی اسکیموں اور آن لائن خریداری کے نام پر شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق دھوکے بازوں کے عام حربوں میں جعلی پارسل کالز، بینک نمائندوں کے نام پر فون کالز یا اکاونٹ بند ہونے کی دھمکی والے پیغامات شامل ہیں جن کے ذریعے صارف سے جلد بازی میں اکاونٹ کی تفصیلات، او ٹی پی یا پاس ورڈ حاصل کر کے رقم منتقل کر لی جاتی ہے۔
ڈیجیٹل لوٹ مار، پاکستانی صارفین کو سالانہ 9 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان
















