اسلام آباد: (بیورورپورٹ) سیلاب سے تباہی،منی بجٹ کاامکان مسترد،وزارت خزانہ نے جائزہ مذاکرات میں آئی ایم ایف سے ریلیف لینے کی تیاری کر لی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی آئی ایم ایف سے اہداف میں ریلیف حاصل کیا جائے،مذاکرات میں منی بجٹ نہ لانے، ریونیو اہداف میں نظرثانی ،میکرواکنامک فریم میں تبدیلیوں پر بات چیت ہو گی، حکومت کی جانب سے موقف اختیار کیا جائےگا منی بجٹ کی بجائے ٹیکس اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کر کے آمدن بڑھائی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق اگر آئی ایم ایف ریونیو اقدامات سے متفق نہ ہوا تو فلڈ لیوی کی تجویز زیر غور آئے گی، وزارت خزانہ آئی ایم ایف کو سیلابی نقصانات کے پیش نظر ریلیف دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرے گی، مذاکرات میں معاشی ترقی کی شرح کے ہدف میں معمولی کمی پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
دوسری جانب چیئرمین ایف بی آر ر اشد محمود لنگڑیال نے واضح کیا کوئی منی بجٹ نہیں آئے گا،سالانہ ٹیکس ریونیو کے ہدف میں ردوبدل کا ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا،آئی ایم ایف کو منی بجٹ کی بجائے ٹیکس انفورسمنٹ کے ذریعے آمدن بڑھانے کے پلان سے آگاہ کیا جائےگا۔
منی بجٹ کا امکان مسترد، آئی ایم ایف سے ریلیف حاصل کیا جائے،وزیراعظم
















