واشنگٹن:(خواجہ فاروق)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے11ستمبر 2001کے حملے کبھی نہیں بھولیں گے،امریکہ پر حملہ کرنے والوں کو چن چن کر نشانہ بنائیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا نے 11 ستمبر 2001 کے دہشتگرد حملوں کی برسی پر پینٹاگون میں یادگاری تقریب میں شرکت کی۔
خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا قوم کے طور پر اپنے مقدس عہد کی تجدید کرتے ہیں، نائن الیون ملکی تاریخ کا بدترین واقعہ تھا، بھاری جانی نقصان ہوا،ہلاک ہونےوالوں کے اہلخانہ سے افسوس کااظہار کرتے ہیں،امریکہ پر کوئی حملہ کرتا ہے تو بے رحمی سے شکار کریں گے۔
امریکی صدر نے کہا دہشتگردی کےخلاف جنگ کبھی نہیں رک سکتی جب تک امریکہ پر کوئی خطرہ ہے پوری شدت سے جواب دیں گے،دفاعی وزارت کا نام تبدیل کر دیااب ”ڈیپارٹمنٹ آف وار“ (محکمہ جنگ) کہا جائےگا،فیصلہ اس لیے کیا تاکہ امریکہ کا پیغام واضح ہو دشمنوں کےخلاف بھرپور طاقت سے لڑیں گے،نائن الیون کے حملے نے کئی لوگوں کے خواب چھینے،دن اتحاد ،قربانی کا درس دیتا ہے،دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا،ہمیشہ آزادی ،انصاف کےلئے جنگ لڑی ، جدوجہد کا خاتمہ نہیں ہوا،امریکہ کبھی نہیں جھکے گا۔
دریں اثناامریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر شدید برہمی کااظہار کرتے ہوئے قطر پر حملے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قراردےدیا۔
اخباردی وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کو فون کرکے قطر میں حماس کے نمائندوں پر اچانک حملے پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہادوحہ میں فلسطینی گروہ حماس کی سیاسی قیادت کو نشانہ بنانے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ تھا۔
امریکی صدر نے کہا حملے کی اطلاع براہ راست اسرائیل نہیں بلکہ امریکی فوج کے ذریعے ملی اور وہ بھی جب حملہ جاری تھا،حملہ ایسے امریکی اتحادی ملک کی سرزمین پر کیا گیا جو غزہ جنگ ختم کرنے کےلئے ثالثی کر رہا ہے، اقدام امریکی سفارتی کوششوں کےخلاف تھا،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا حملہ کرنے کےلئے مختصر موقع تھا ،فائدہ اٹھایا،امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ ، نیتن یاہو کے درمیان سخت تبادلے کے بعد دونوں رہنماوں کے درمیان دوسرا ٹیلی فونک رابطہ ہوا،گفتگو نسبتاً پہلے سے خوشگوار رہی،صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو سے پوچھا کیا حملہ کامیاب رہا؟ لیکن نیتن یاہو یقینی جواب نہ دے سکے۔
امریکہ پر حملہ کرنے والوں کو چن چن کر نشانہ بنائیں گے،ڈونلڈ ٹرمپ
















