اسرائیلی حملے ریاستی دہشتگردی ،بھرپور جواب دیں گے،قطر ی وزیراعظم

دوحہ،واشنگٹن،ریاض،نیویارک،ٹوکیو،فرینکفرٹ ،تل ابیب:(مشرق نیوز)قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا ہے دوحہ پر اسرائیل کے حملے ریاستی دہشتگردی ہیں،بھرپور جواب دیں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے قطر کے وزیراعظم نے کہا اسرائیلی حملے کے جواب کا حق محفوظ رکھتے ہیں، واقعہ کو ہرگز نظر انداز نہیں کریں گے،محض بیانات ،مذمتوں سے آگے بڑھ کر ردعمل دینے کے تمام ذرائع بروئے کار لا رہے ہیں ،قانونی ٹیم بھی تشکیل دےدی تاکہ اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرایا جا سکے، شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہایقین ہے فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئے ،بربریت پر مشتمل اقدامات کےخلاف پورے خطے سے جواب آنا چاہیے،واقعہ پورے خطے کو انتشار کی جانب دھکیل رہا ہے ،اسرائیل نے امن عمل سبوتاژ کر دیا۔

دریں اثنا اقوام متحدہ ،او آئی سی،سعودی عرب،جرمنی،جاپان ودیگر ممالک نے قطر میں اسرائیلی حملہ ناقابل قبول قراردےدیا۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہااسرائیلی اقدام قطر کی خود مختاری ،علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہے،غزہ جنگ کے تمام فریقین کو مستقل جنگ بندی کی کوشش کرنی چاہیے نہ امکانات کو تباہ کرنا چاہیے۔

او آئی سی نے کہااسرائیلی حملہ بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے،عالمی برادری خصوصا سلامتی کونسل اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اسرائیل کو خطے میں جاری خطرناک جارحیت ختم کرنے ،بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنے کا پابند بنائے۔

سعودی عرب نے دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے کوظالمانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے کہامملکت اپنے تمام تر وسائل ،صلاحیتوں کےساتھ قطر کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،اسرائیل کے مسلسل جرائم ،بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے،عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کےلئے مو¿ثر اقدامات کرے۔

علاوہ ازیں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،اسرائیلی حملے کو مجرمانہ فعل اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی مملکت قطر کےساتھ بھرپور تعاون کرے گی اور دفاع و خودمختاری کے تحفظ میں ساتھ کھڑے ہیں۔

جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کےساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں کہادوحہ پر اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی اور ناقابل قبول ہے،جنگ کو پورے خطے تک نہیں پھیلانا چاہیے۔

جاپان کی کابینہ کے چیف سیکرٹری یوشیماسا ہایاشی نے کہادوحہ پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت اور قطر کی خود مختاری و علاقائی سلامتی کےلئے خطرہ سمجھتے ہےں،حملہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کےلئے جاری سفارتی کوششوں میں رکاوٹ ہے،اسرائیل مذاکرات کی میز پر واپس آئے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا اسرائیل کی جانب سے قطر پر کیے گئے فضائی حملے سے خوش نہیں،فیصلہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا تھا میرا نہیں،قطر پر یکطرفہ بمباری اسرائیل یا امریکہ کے مقاصد کو آگے نہیں بڑھاتی۔

ٹرمپ نے کہا مارکو روبیو کو قطر کے ساتھ دفاعی تعاون معاہدے کو حتمی شکل دینے کا کہا ،قطر خودمختار ملک ،امریکہ کا قریبی اتحادی ہے، ملکر بہادری سے امن قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں،حماس نے غزہ کے عوام کی بدحالی سے فائدہ اٹھایا۔

ادھر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا حماس رہنما اب دنیا میں کسی بھی جگہ محفوظ نہیں رہیں گے،کارروائی کا حکم قاتلوں سے حساب برابر کرنے ،اسرائیلی شہریوں کے مستقبل کے تحفظ کےلئے دیا،غزہ جنگ فوری ختم ہو سکتی ہے اگر حماس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیش کردہ جنگ بندی کی تجویز قبول کر لے۔