اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت کاتمام ریاستی اداروں کےلئے حکومتی مالی امداد کارکردگی سے مشروط کرنے کا اصولی فیصلہ ، اداروں کی فنڈنگ کا نیا فارمولا تجویز کردیا گیا، وفاقی وزارت خزانہ نے پرفارمنس سے منسلک فنڈنگ کا نیا ماڈل تجویز کردیا ،ماڈل کے تحت ریاستی اداروں کو فنڈنگ کےلئے مخصوص اہداف پورے کرنا ہوں گے، مالی امداد اس وقت تک نہیں دی جائیگی جب تک ادارے مخصوص اہداف پورے نہ کریں، نتائج سے مشروط فنڈنگ کا مقصد مالیاتی نظم وضبط کو فروغ دینا ، آپریشنل کارکردگی بہتر کرنے کے علاوہ اداروں کو مالی نقصان سے نکال کر ویلیو ایڈیشن کی جانب لانا ہے،رپورٹ کے مطابق اہداف کو حاصل کرنے میں ناکامی پر مالی معاونت میں کمی کی جائےگی، فنڈنگ کا نیا ماڈل طویل المدتی حکمت عملی ہے جو اداروں کو ریاست کی مالی سرپرستی سے نکال کر خود کفیل بنانے کی کوشش ہے، اقدام کا مقصد یہ ہے کہ سرکاری پیسے کا ہر روپیہ ملک کی ترقی میں استعمال ہو، یہ ایک واضح پیغام ہے ریاستی اداروں کےلئے اب صرف بقا کافی نہیں، اداروں کو اپنے وسائل کا موثر استعمال کرنا ہوگا اور بہتر نتائج دکھانے ہوں گے، ٹیکس دہندگان کے پیسے کو زیادہ بہتر مقاصد کےلئے استعمال کیا جاسکے گا، رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے ریاستی اداروں کی مسلسل مالی امداد نے نااہلی کو جنم دیا،ریاستی اداروں کی غیرمشروط مدد نے قومی وسائل کا ضیاع کیا، نتیجے میں اداروں میں جدت آئے گی، لاگت میں کمی ہوگی اور سٹریٹجک اصلاحات کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی،ادارے جو اصل میں معیشت کی ترقی کا ذریعہ بننے چاہیے تھے، بلا احتساب فنڈنگ سے مالی بوجھ بن چکے، ایسے ریاستی ادارے ہر سال قومی بجٹ پر بوجھ ڈالتے ہیں، کچھ ریاستی اداروں کا معیشت یا عوامی خدمات میں کردار نہ ہونے کے برابر ہے، حکومت بار بار خسارے والے اداروں کو سرمایہ فراہم کرتی ہے، سرمایہ عام طور پر کسی واضح پرفارمنس اور روڈ میپ کے دیا جاتا ہے، سرمایہ کاری کا نتیجہ آپریشنل جمود، ناقص حکمرانی، اہداف کی غلط ترجیحات کی صورت میں نکلتا ہے، جب سرمایہ کاری دستیابی نتیجے سے آزاد ہو تو مالیاتی نظم و ضبط کمزور ہو جاتا ہے۔
کراچی (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ نے ملک بھر کے تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کو مذاکرات کےلئے آج طلب کر لیا،کراچی میں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا 19 جولائی کی ہڑتال سے متعلق تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کا موقف بھی سنیں گے اور اپنا موقف بھی سمجھائیں گے، تمام چیمبرز کو موجودہ قانون کے حوالے سے پڑھ کر آنا چاہیے،ہم نے موجودہ قانون میں سیلز ٹیکس فراڈ اور دیگر پر بہت سیف گارڈ لگائے ہیں، 5 کروڑ سے زائد کی بے ضابطگی پر گرفتاری کےلئے کمشنر یا 3 رکنی ایف بی آر بورڈ کی اجازت لازمی ہوگی،سینیٹر اورنگزیب نے واضح کیا ایف بی آر کے اختیارات کا انکم ٹیکس سے کوئی تعلق نہیں، ایف بی آر کے اضافی اختیارات پر چیمبرز کے صدور سے اہم ملاقات آج ہوگی، اور انہیں بھی سمجھائیں گے،ایف بی آر کے اضافی اختیارات 5کروڑ روپے سے زائد سیلز ٹیکس غبن کرنے والے فرد پر لاگو ہوں گے، ایف بی آر کے اضافی اختیارات کےخلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ایف بی آر کے اضافی اختیارات کو سٹینڈنگ کمیٹی کی مشاورت سے اسمبلی سے منظور کرایا گیا اور اضافی اختیارات سیلز ٹیکس فراڈ کو روکنے کےلئے نافذ کیے گئے ہیں، گورنر سٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے صدور سے ملاقات ہوئی، پاکستان میں پائیدار ترقی کےلئے بینکوں کے کردار پر اجلاس ہوا، جتنی مالیاتی سپیس تھی اتنا ریلیف تنخواہ داروں کو دے چکے ہیں،وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کا مالیاتی منظرنامہ بہتر ہوا جس کے باعث بینکوں کی لیکویڈیٹی بڑھی ہے، بینکوں کی جانب سے اب نجی شعبے کو قرضوں میں اضافہ ہونا چاہیے، زرعی شعبے کےساتھ ایس ایم ایز فنانسنگ میں بہتری آئی ،نجکاری کمیشن کو 24 ایس او ایز کی نجکاری کےلئے حوالے کر دیا، نجکاری بالخصوص پی آئی اے کے حوالے سے بینکوں کا اہم کردار ہو سکتا ہے، بیمار صنعتوں کی بحالی میں بینکوں کو سپانسرز کےساتھ مل کر کام کرنا چاہیے، خسارے میں جانے والے ریاستی اداروں کی بحالی کےلئے مشترکہ اقدامات کیے جائیں، پاکستان کا بینکنگ سیکٹر ملکی معیشت کو مسلسل سپورٹ کر رہا ہے، اورنگزیب نے کہا اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کا تازہ سروے ملکی معیشت کے استحکام کا مظہر ہے، مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو یکجا کرکے آگے بڑھنا ہے، ملٹی نیشنل کمپنیوں کو منافع کی صورت میں 2ارب 30کروڑ ڈالر ادا کر دئیے، ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ریفنڈ مسائل کو جلد حل کر لیا جائے گا،ملکی ترسیلات زر کا حجم قابل تحسین ہے اور آئندہ دنوں میں ملکی اشاریے مزید بہتر ہوں گے، رواں ماہ 75ارب کے سیلز ٹیکس ری فنڈ ادا کر دیے گئے ہیں، سرکاری اداروں کے خسارے کی رپورٹ منظر عام پر، پرائیویٹ سیکٹر کو سرمایہ کاری کا کہا ہے،ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو ماہانہ بنیاد پر ای سی سی خصوصی طور پر فوکس کر رہی ہے، سٹرکچرل سلوشن کےلئے ڈی ریگولیشن فارمولے کو ہر صورت اپنانا ہوگا، یہی وجہ ہے مکئی، چاول اور دالوں کی قیمتوں میں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، موجودہ معاشی استحکام کو پائیدار نمو کی طرف کیسے لے کر جائیں ، کئی بار بین الاقوامی کمپنیاں مختلف ممالک میں مختلف وجوہات کی بناءپر آپریشنز بند کرتی ہیں، کموڈٹیز اور چینی کی قیمتوں پر ای سی سی ماہوار مانیٹرنگ کر رہا ہے، پاکستان میں تمام سیکٹرز کو ڈی ریگولیٹ کر دیا جائے تو بہتری آئےگی، چینی اور گندم کی سمگلنگ کےلئے وزارت خوراک اور مجموعی طور پر کابینہ کام کر رہی ہے۔
اسلا م آباد (بیورو رپورٹ) حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان معاملات طے پاگئے، چینی کی قیمت 165 روپے فی کلو مقرر کردی گئی،تفصیلات کے مطابق حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں جس کے تحت عوام کو ریلیف دیا جائے گا،وزارت غذائی تحفظ کے جاری بیان میں کہا ہے شوگر ملوں کے ساتھ بات چیت کے نتیجے میں اب چینی کی قیمت 165 روپے فی کلو گرام مقرر کردی گئی ہے، تمام صوبائی حکومتیں فیصلے کی روشنی میں عوام کو سستی چینی کی دستیابی یقینی بنائیں گی۔
اداروں کی مالی امداد کارکردگی سے مشروط، شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے: وزیر خزانہ
















