حکومتی مذاکرات کی پیشکش مشروط قبول، 19 جولائی کی ہڑتال اعلان کے مطابق ہوگی ،تاجروں کا اعلان

لاہور (کامر س رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ تاجر کنونشن میں ہزاروں تاجروں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے لاہور چیمبر کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعلان کر دیا، تاجر برادری کی رائے لینے کے بعد صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش مشروط طور پر قبول کر لی تاہم واضح کیا 19 جولائی کی ملک گیر ہڑتال اپنے اعلان کے مطابق ہوگی،تاجر کنونشن سے صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، سابق صدور میاں انجم نثار،ایم علی میاں، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر، سابق نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، تاجر و صنعتکار تنظیموں کے نمائندگان اور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے خطاب کیا،میاں ابوذر شاد نے کہا کاروباری برادری کو سخت اور ظالمانہ پالیسیوں کے ذریعے دیوار سے لگا دیا گیا ہے، ہم ہڑتال شوق سے نہیں کر رہے مجبوری کی انتہا پر پہنچ چکے ہیں، انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 37 اے اے کالا قانون ، صنعت و تجارت کو تباہ کرے گا، پاکستان کی پالیسیاں وہ لوگ بنا رہے ہیں جن کے پاس دوہری شہریت ہے، میاں ابوذر شاد نے سوال اٹھایا جو پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالر ملک سے باہر رکھے ہیں وہ کیوں واپس نہیں لائے جاتے؟ اگر ایک بھی تاجر کے ساتھ زیادتی ہوئی تو پورے ملک کی تاجر برادری سڑکوں پر نکل آئے گی،ہم ٹیکس دیتے ہیںلیکن کرپشن کا بھی حساب لیں گے جو ہماری معیشت کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے،سابق صدر لاہور چیمبر اور سارک چیمبر کے نائب صدر میاں انجم نثار نے کہا ہڑتال کرنا نہیں چاہتے لیکن حکومت نے مجبور کر دیا ہے،سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے کہا فنانس منسٹر نے وعدہ کیا تھا تاجر برادری کی بجٹ تجاویز کو شامل کیا جائے گا لیکن ایک بھی تجویز کو شامل نہیں کیا گیا، مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن محض رسمی بات چیت کیلئے نہیں بلکہ حقیقی حل کیلئے 19 جولائی کو ملک بھر میں شٹر ڈاو¿ن اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی،سابق صدرایم علی میاں نے کہا میاں ابوذر شاد تاجروں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، اگر ان پر کوئی آنچ آئی تو پوری تاجر برادری سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی،پی بی جی کے چیئرمین علی حسام اصغر نے کہا یہ کوئی ذاتی دشمنی نہیں بلکہ تاجر برادری کے اجتماعی مفاد کی بات ہے،ایف بی آر جو پالیسیاں لا رہا ہے، ان کے تحت ملک میں کاروبار ممکن نہیں رہے گا، قوانین کاروبار کو بند اور سرمایہ بیرون ملک منتقل کر دیں گے،سابق نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا شق 37AA اور بینک ٹرانزیکشنز پر ٹیکسز نے کاروبار کی کمر توڑ دی ، آج تک کسی نے نہیں بتایا جمع شدہ ٹیکس کہاں خرچ ہوتا ہے۔