لاہور (اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ویڑن کے مطابق،لیسکو نے گزشتہ سال بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 60 ارب روپے کے نقصانات کم کئے اور بجلی چوری کے بڑے سکینڈل کو بے نقاب کیاجو قابل فخر ہے۔ اس کے باوجود، بااثر افراد نے ہمارے افسران کے خلاف الزامات عائد کرنے کی کوشش کی لیکن وزیر اعظم شہباز شریف کی حمایت کے ساتھ ہم اس جنگ کو جاری رکھیں گے۔وفاقی وزیرتوانائی نے کہا کہ ایک فرنس جتنی ایک ماہ میں بجلی چوری کرتی ہے، وہ ایک گاوں پانچ سال میں بھی چوری نہیں کرتا۔ اس سال ہمارا فوکس ریکوری کیساتھ ساتھ بجلی چوری کے نظام کو ختم کرنے پر بھی ہے۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہے اور آئندہ برس ہم اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو عامر ضیاءنے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ کو بورڈ ممبران کی جانب سے عمدہ کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسی ذمہ داری کے ساتھ لیسکو کی بہتری کیلئے کام جاری رکھیں، جس کیلئے انہیں ہرممکن سپورٹ فراہم کی جائیگی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرتوانائی سردار اویس لغاری کی ہدایت پر قائم کردہ ڈسکوز سپورٹ یونٹ (رینجرز، پولیس، ضلعی انتظامیہ) کی مدد سے لیسکو کی ریکوری سو فیصد رہی جبکہ گزشتہ مالی سال تاریخ میں پہلی بار لائن لاسز میں ریکارڈ 2.4 فیصد کمی ہوئی۔ سی ای او لیسکو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیرتوانائی سردار اویس لغاری کی زیر قیادت لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رہنمائی میں لیسکو کی بہتر کارکردگی کا یہ سفر جاری رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔یاد رہے کہ مالی سال 2024-25ءمیں لیسکو نے 12 کروڑ 27 لاکھ یونٹ پکڑے جس کی قیمت 5 ارب 17 کروڑ 50 لاکھ ہے۔ اسی طرح 2024-25ءمیں 2 لاکھ 20 ہزار 863 رننگ اور ڈیڈ نادہندگان سے 14 ارب 45 کروڑ 19 لاکھ روپے ریکوری کی گئی۔لیسکو کی یہ مہم نہ صرف مالی استحکام بلکہ نظام میں بہتری اور صارفین کے اعتماد کی بحالی کیلئے ایک مضبوط قدم ہے۔
بجلی چوری کیخلاف کام جاری رکھے ہوئے ہیں: وزیرتوانائی
















