امیر طبقہ 1233 ارب کی ٹیکس چوری میں ملوث ہے،چیئرمین ایف بی آر


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امیر طبقہ 1233 ارب کی ٹیکس چوری میں ملوث ،چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بڑا انکشاف کردیا۔

سینٹ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہا ملک کی 5 فیصد آبادی دولت مند ،1700 ارب کا ٹیکس بنتا ہے صرف 499 ارب ٹیکس دیتے ہیں،سینٹ کمیٹی اجلاس میں سلیم مانڈوی والا، فاروق ایچ نائیک اور شبلی فراز سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔

راشد لنگڑیال نے کہا ٹیکس نیٹ کو توسیع دینے کے بجائے امیر طبقے سے زیادہ ٹیکس لینے کی ضرورت ہے، شدید گرمی کے باوجود 95 فیصد لوگوں کے پاس ایئر کنڈیشنر نہیں، ٹیکس فائلرز کی تعداد 60 لاکھ ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا 250 کمپنیوں کو اینٹی منی لانڈرنگ کے نوٹس آئے ہیں، اے ایم ایل نوٹس وزیر اور چیئرمین کی منظوری کے بغیر نہ دیا جائے،فاروق ایچ نائیک نے کہا کسی کمپنی کو اے ایم ایل کا نوٹس آجائے دنیا بھر کے ادارے تحقیقات شروع کر دیتے ہیں، اے ایم ایل کے نوٹس پر کمپنی کے بنکنگ چینل بند ہو جاتے ہیں،شبلی فراز نے کہا بتایا جائے اے ایم ایل کے تحت کتنے کیس بنے اور کتنے لوگوں کو سزا ملی۔