اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومت نے مالی سال 2025-26کیلئے 17ہزار573ارب کا بجٹ پیش کردیا۔
6501 ارب خسارہ،تنخواہوں میں 10،پنشن میں7فیصد اضافہ،اربوں کے نئے ٹیکس ،پٹرولیم مصنوعات،درآمدی سولر پینل مہنگے،نان فائلرز پر سخت پابندیاں،گاڑی و جائیداد خریدنے پر پابندی، اکاونٹ کھولنے کی سہولت بھی ختم ،دفاع کےلئے 2550 ارب مختص،پاک فوج کے افسروں، جوانوںکیلئے سپیشل ریلیف الاونس ،گریڈ ایک تا 16کے ملازمین کیلئے30فیصد ڈسپیرٹی الاونس،آئندہ مالی سال معاشی ترقی کا ہدف 4.2 فیصد مقرر،ایف بی آر کے محصولات کا تخمینہ 14 ہزار 131 ارب،سود کی ادائیگی پر 8207 ارب روپے خرچ ہوں گے،کسانوں کیلئے بغیر ضمانت قرض ،فاٹا،پاٹا کیلئے ٹیکس چھوٹ ختم،اعلیٰ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی ،دانش سکولوں کےلئے بھاری رقم ،بجلی و دیگر شعبوں کی سبسڈی کےلئے 1186 ارب مختص کردئیے گئے۔
وزیر خزانہ سینیٹر اور نگزیب نے کہا کے پی اور بلوچستان کے ضم اضلاع کی ٹیکس چھوٹ ختم کر دی گئی ،شریک حیات کے انتقال کے بعد پنشن 10 سال تک محدود،10وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کی منظوری ، 6 ڈویژنز کو ضم کر کے 3 ڈویژن بنادیئے گئے،45کمپنیوں اور اداروں کو پرائیوٹائز، ضم یا ختم کیا جائیگا،40000 پوسٹیں ختم ، اگلی 10 وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کی سفارشات حتمی شکل دےدی ، نئی انرجی وہیکل پالیسی منظور ،الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائےگی، الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری اور فروخت کو فروغ دینے کیلئے لیوی عائد کرنے کی تجویز ہے، لیوی معدنی تیل استعمال کرنےوالی گاڑیوں کی فروخت اوردرآمد پرانجن کی طاقت کے مطابق عائد ہوگی، سالانہ 20کروڑ سے 50 کروڑ آمدنی پر سپر ٹیکس میں 0.5 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ،جائیداد کی خریداری پر ٹیکس میں کمی ہوگی ،پٹرولیم مصنوعات پر کاربن لیوی لگانے اور تعمیراتی شعبے میں ٹیکس کم کرنے کی تجویز ہے ،کم آمدن طبقے کو گھر خریدنے یا تعمیر کےلئے سستے قرضوں کا وعدہ ہے ،حکومت نے سستی بجلی کے حصول کےلئے جامع منصوبہ بندی کر لی، آنےوالے دنوں میں سستی بجلی کا حصول ممکن ہو گا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے شدید احتجاج اور شورشرابہ کے دور ان بجٹ تقریر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب نے کہا معزز ایوان کے سامنے مالی سال 26-2025 کا بجٹ پیش کرنااعزاز کی بات ہے، مخلوط حکومت کا دوسرا بجٹ ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں کی قیادت خصوصا ً نواز شریف ، بلاول بھٹو، خالد مقبول صدیقی، چودھری شجاعت حسین، عبدالعلیم خان اور خالد حسین مگسی کی رہنمائی کےلئے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، بجٹ نہایت اہم اور تاریخی موقع پر پیش کیا جارہا ہے، قوم میں حالیہ دنوں میں غیر معمولی اتحاد، عزم اور ہمت کا عملی مظاہرہ پیش کیا ہے، بھارتی جارحیت کے مقابل ہماری سیاسی قیادت، افواج پاکستان اور غیور عوام نے جس جواں مردی، دانشمندی اور یکجہتی کا ثبوت دیا وہ تاریخ کے سنہری اوراق میں ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔
وزیر خزانہ نے کہا سوا ایک سال کے دوران قومی اتحاد اور عزم کے جذبے کےساتھ معاشی بحالی، اصلاحات اور ترقی کا سفر کامیابی سے طے کیا، معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط، ترقیاتی منصوبہ بندی کو یکجا کرتے ہوئے نہ صرف معیشت کو استحکام بخشا بلکہ مستقبل کی بنیادیں بھی مضبوط کیں،یہی ویژن ہمیں آگے بڑھاتا ہے، ایک ایسے پاکستان کی طرف جہاں ترقی ہر فرد کی دہلیز تک پہنچے اور قوم بحیثیت مجموعی خوشحال ہو، راہ پر قائم، خوشحالی دائم یہی ہمارا عزم، ہماری حکمت عملی اور ہمارا نعرہ ہے، ہم نے گزشتہ سال معیشت کی بہتری کےلئے کئی اہم اقدامات اٹھائے، نتیجے میں مالی نظم و ضبط میں نمایاں بہتری آئی اور کئی کامیابیاں حاصل ہوئیں، جی ڈی پی کے 2.4 فیصد کے برابر پرائمری سرپلس کا حصول،افراط زر میں نمایاں کمی 4.7 فیصد،پچھلے سال کے 1.7 ارب ڈالر خسارے کے مقابلے میں رواںسال سرپلس کرنٹ اکاونٹ 1.5 ارب ڈالر متوقع،روپے کی قدر میں استحکام شامل ہے ۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہاترسیلات زر موجودہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 31 فیصد اضافے کےساتھ 31.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، ہم پر امید ہیں موجودہ مالی سال کے اختتام تک ترسیلات زر کا حجم 38 ارب ڈالر تک پہنچ جائےگا،سٹیٹ بنک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 2 ارب ڈالر کا اضافہ ہو چکا ، موجودہ سال کے اختتام تک ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے، اقتصادی بہتری کےلئے حکومت کو سخت فیصلے لینے پڑے، پاکستان کے غیور عوام نے بھی قربانیاں دیں جن کے مثبت نتائج سامنے آئے، مائیکرو اکنامک سٹیبلائزیشن پروگرام کی کامیابی کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیاگیا، اسی طرح گلوبل فنانشل ادارے، ریٹنگ ایجنسیز اور ملکی و غیر ملکی سروے معیشت میں بہتری کی گواہی دے رہے ہیں، پی ڈبلیو سی کے مطابق کاروباری اداروں کے سربراہوں کا معیشت میں بہتری پر اعتماد 49 فیصد سے بڑھ کر 83 فیصد تک پہنچ چکا، اعتماد کی بازگشت اوورسیز چیمبرز کے تحت پاکستان میں کاروبار کرنےوالے بیرونی سرمایہ کاروں میں بھی سنی جاسکتی ہے جہاں بزنس کانفڈینس انڈیکس میں تاریخی بہتری آئی ،
وزیر خزانہ نے کہا گیلپ کے مطابق بھی پاکستانی معیشت میں واضح بہتری آئی ،ہاوس ہولڈ فنانشل آوٹ لک میں صرف پچھلی سہ ماہی میں 27.5 فیصد اضافہ ہوا ، آئی پی ایس او ایس سروے کے مطابق پاکستان کے بہتر مستقبل کے حوالے سے عوام اور مقامی صارفین کی توقعات میں اضافہ ہوا اور 6 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں، فچ نے پاکستان کی ریٹنگ کو ٹرپل سی پلس سے بڑھا کر منفی بی کرتے ہوئے معاشی مستقبل میں بہتری کی نوید دی، موڈیز نے بھی معیشت میں بہتری کی نشاندہی کی، ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک اور آئی ایف سی نے نہ صرف پاکستانی معیشت کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کیا بلکہ پاکستان کےلئے خطیر فنڈنگ کا اعلان بھی کیا ۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہا سب سے اہم معاشی مسئلہ محصولات کے نظام کی مسلسل کمزوری تھی، پاکستان کی ،ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو 10 فیصد تھی جو ترقیاتی اخراجات اور ریاست کے انتظامی معاملات چلانے کےلئے ناکافی تھی،ایف بی آر کے مطابق پاکستان میں ٹیکس گیپ کا تخمینہ 5.5 ٹریلین لگایا گیا یعنی ہم آدھے سے زیادہ ممکنہ ٹیکس سے محروم تھے، صورتحال ناقابل قبول تھی، خلا کو پر کرنا نہ صرف ضروری تھا بلکہ ملک کو 14 فیصد،ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو کی پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنا ناگزیر تھا،یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی تھی ایف بی آر اس حل کا محض ایک حصہ نہیں بلکہ بنیاد ہے، ایف بی آر میں اصلاحات کیے بغیر معیشت کو مستحکم کرنا اور قومی اہداف حاصل کرنا ممکن نہ تھا اسی لیے وزیر اعظم کی سربراہی میں ایف بی آر اصلاحاتی پلان کا آغاز کیا گیا کوئی روایتی مشق نہیں تھی بلکہ وزیراعظم کی براہ راست نگرانی میں تفصیلی مشاورت کے ذریعے تیار کیا گیا منصوبہ تھا جس کی ستمبر 2024 میں منظوری دی گئی، منصوبے کی بنیاد 3 ستونوں پر ہے، (عوام، ترقی اور ٹیکنالوجی۔
بجٹ تقریر میں کہا گیا منصوبے کا محور ڈیجیٹل اصلاحات ہے، پاکستان میں پہلی مرتبہ معیشت اور ٹیکس نظام کے درمیان جامع ڈیجیٹل ہم آہنگی کا آغاز کیا گیا، منصوبے کے تحت اٹھائے گئے اہم اقدامات میں (ڈیجیٹل پروڈکشن ٹریکنگ) کا آغاز چینی کے شعبے سے کیا گیا جسے اب سیمنٹ، مشروبات، کھاد اور ٹیکسٹائل تک توسیع دی جا رہی ہے، ٹیکنالوجی کےساتھ ساتھ ہم انسانی وسائل کی ترقی پر بھی بھر پور سرمایہ کاری کر رہے ہیں، آڈیٹرز کی صلاحیت سازی کےلئے نئی بھرتیاں کی گئیں، شعبہ جاتی ماہرین اور آڈٹ مینٹورز کو کلیدی اکائیوں میں تعینات کیا گیا تاکہ تربیت اور پیشہ ورانہ رہنمائی کا تسلسل برقرار رکھا جاسکے، افسران کو آڈٹ، قانون اور ڈیجیٹل مہارتوں پر مبنی منظم تربیتی پروگرامز کے ذریعے مہارت دی جارہی ہے، پیچیدہ قانونی مقدمات کی پیروی کےلئے صف اول کی قانونی فرموں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں، سب سے اہم بات یہ ہے اب افسران کو انعامات محض سینارٹی سے نہیں کارکردگی، پیشہ وارانہ روئیے اور دیانت داری سے مشروط کیا گیا، منصوبے کے ابتدائی نتائج نہایت حوصلہ افزا رہے ہیںجس کے مطابق چینی کے شعبے سے محصولات میں 47 فیصد اضافہ ہوا،ڈیٹا انٹیگریشن کے ذریعے 3 لاکھ 90 ہزار ہائی ویلیو نان فائلرز کی نشاندہی ہوئی جس سے 30 کروڑ کی وصولی ممکن ہوئی،فراڈ اینالیٹکس کے ذریعے 9.8 ارب کے جعلی رقم کی واپسی کے دعووں کو بلاک کیا گیا،مصنوعی ذہانت پر مبنی آڈٹ سسٹم کے تحت 200 سے زائد کیسز کی نشاندہی کی گئی جن کی مالیت 13.3 ارب سے زائد ہے،فیس لیس کسٹم آڈٹ کے ذریعے قانون پر عمل پیرا امپورٹرز کو سہولت فراہم کی گئی،فائلنگ اور ٹیکس ادا کرنے والوں کی تعداد میں 100 فیصد اضافہ ہوا اور محاصل 45 ارب سے بڑھ کر 105 ارب تک پہنچ گئے، یکم جولائی سے 800 کالم والا ریٹرن سادہ فارمیٹ میں تبدیل کر دیا جائےگا جس میں صرف 7 بنیادی معلومات درکار ہوں گی، یہ آسان اور صارف دوست ریٹرن خاص طور پر تنخواہ دار افراد اور چھوٹے کاروباروں کےلئے متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے بعد کسی وکیل یا ماہر کی مدد کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا سب سے اہم بات یہ ہے تاریخ میں پہلی بار آئی ایم ایف نے قوانین کے نفاذ کے ذریعے 389 ارب کے محصولات کو باضابطہ تسلیم کیا ، یہ غیر معمولی اعتراف اصلاحاتی اقدامات کی طاقت، وسعت اور ساکھ کا واضح ثبوت ہے، دوسرے الفاظ میں آئی ایم ایف کا پاکستان کی اصلاحات پر اعتماد کا مظہر ہے، کئی ٹیکس دہندگان مقدمات کے ذریعے ٹیکس سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں، کیسز کی کمزور پیروی کی وجہ سے حکومتی محاصل طویل عرصے تک التوا کا شکار رہتے ہیں، موجودہ حکومت کی کامیاب حکمت عملی کی وجہ سے رواں سال ایف بی آر نے کامیاب قانونی چارہ جوئی کے ذریعے 78.4 ارب کے محاصل وصول کر لیے، اہم کامیابی پر میں قانونی ٹیم اور معزز عدلیہ کا تہہ دل سے مشکور ہوں، عدالتوں میں اے ڈی آر سے متعلق مقدمے کو مذاکراتی تصفیہ کے ذریعے حل کیا گیا جس سے قومی خزانے کو 77 ارب حاصل ہوئے، معاشی ترقی کےلئے پاور سیکٹر کے شعبے کی اہمیت مسلمہ ہے، معاشی ترقی کے حصول اور ملکی صنعت کےلئے بجلی کی اہمیت کے پیش نظر صنعتی شعبے کےلئے بجلی کی قیمت میں 31 فیصد سے زائد کمی کی جبکہ ایک کروڑ 80 لاکھ مستحق اور پروٹیکٹڈ صارفین کےلئے بجلی کی قیمت میں کمی 50 فیصد سے بھی زائد ہے، آئی پی پیز کےساتھ معاہدوں پر بھی نظرثانی کی ، نتیجے میں 3000 ارب سے زائد کی بچت ہوگی، طریقہ کار پر عمل کرکے ماحول کےلئے نقصان دہ 3000 میگاواٹ گنجائش سے زائد فرنس آئل پاور پلانٹس کو بند کرنے میں کامیاب ہوئے،ہمیں احساس ہے مستقل بنیادوں پر بہتری لانے کےلئے پاور سیکٹر میں گہری اور بنیادی اصلاحات لانا ضروری ہیں، آگے بڑھتے ہوئے فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی 3 ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کا آدھا عمل مکمل کر لیا، بجلی کی ترسیل کے ادارے این ٹی ڈی سی کو موثر بنانے کےلئے تنظیم نو کی اور 3 نئی کمپنیوں میں تقسیم کردیا ، کمپنیاں مستقبل کے پراجیکٹس کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد کی ذمے دار ہوں گی، اداروں کو چلانے کےلئے عالمی معیار کے افراد تعینات کیے جائیں گے۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہا مجھے یہ بتاتے ہوئی خوشی محسوس ہو رہی ہے اب بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا انتظام پروفیشنل بورڈز کے سپرد ہے، بورڈز میں سیاسی مداخلت کو ختم کر دیا، پروفیشنل بورڈز کے آنے سے کمپنیوں نے صرف 9 مہینوں میں نقصانات میں 140 ارب کی کمی کی،ہمارا عزم ہے اگلے 5 سالوں میں کمپنیوں کے نقصانات کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائےگا ، بجلی کے شعبے میں مسابقتی اور آزاد مارکیٹ کے قیام کےلئے قانون سازی اور ضوابط کو حتمی شکل دےدی گئی ہے ،اگلے 3 ماہ میں عملدرآمد شروع ہو جائےگا، ملکی تاریخ میں پہلی بار توانائی بچت کے اصولوں پر مبنی بلڈنگ کوڈز منظور کیے گئے، وفاقی و صوبائی اداروں کو ضوابط پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی تاکہ مستقبل میں بننے والی تمام تعمیرات توانائی کے اعتبار سے مو¿ثر اور فعال ہوں۔
وزیر خزانہ نے کہاحکومت نے سستی بجلی کے حصول کےلئے جامع منصوبہ بندی کر لی، آنےوالے دنوں میں سستی بجلی کا حصول ممکن ہو گا، منصوبے کے تحت اب تک 4 ہزار ارب سے زائد کی بچت کی،9000 میگاواٹ گنجائش کے مہنگے بجلی گھر جنہیں نیشنل گرڈ میں شامل کیا جانا تھا ترک کر دیا ، بجلی کی پیداوار کے ایسے تمام پلانٹس کو بند کر دیا جو جنریشن کمپنیوں کی شکل میں سرکاری ملکیت میں تھے، پلانٹس کے فالتو آلات کی فروخت کا عمل شروع ہو گیا ہے تا کہ اداروں کے باعث ملکی خزانہ پر 7 ارب سالانہ سے زائد کے بوجھ کا خاتمہ ہو سکے، گزشتہ چند سالوں کے دوران ہم نے پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے میں ہدف پر مبنی اصلاحات کیں جن سے سرمایہ کاری میں اضافہ اور سٹرٹیجک تنوع کے بل بوتے پر نمایاں ترقی ہوئی ، ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کے شعبے میں مسابقتی بولیوں میں خاص طور پر ترک پٹرولیم سمیت بین الاقوامی کمپنیوں کی خاصی دلچسپی رہی جو طویل عرصے کے بعد آن شور سیکٹر میں قابل ذکر بیرونی سرمایہ کاری کی علامت ہے،پاکستان آف شور ایکسپلوریشن بڈ 2024 کا آغاز ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد عمل میں آیا، آف شور سیکٹر میں ای اینڈ پی سرگرمی بحال ہوئی جبکہ تیل اور گیس کی کی متعدد دریافتوں سے درآمدات کے متبادل میں مدد ملی ، انرجی سکیورٹی میں بہتری آئی، ای اینڈ پی کمپنیوں نے مستقبل میں تیل اور گیس کی تلاش کےلئے 5 ارب امریکی ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ پہلے سے رواں فیلڈز پر جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتے ہوئے استعداد بڑھانے کے منصوبوں پر بھی توجہ مرکوز کی گئی،پٹرولیم پالیسی 2012 ٹائٹ گیس پالیسی میں ترامیم، مناسب قیمتوں سمیت متعدد پالیسی اصلاحات سے مسابقت میں بہتری آئی۔
وفاقی وزیر نے کہا ریفائننگ اور ڈاون سٹریم سیکٹر میں پاکستان ریفائنگ پالیسی 2023 کے ذریعے تحرک دیکھنے میں آیا جس سے یورو-وی اپ گریڈز اوراستعداد میں توسیع لانے میں معاونت ملی، ایندھن کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کی جانب اقدامات کا مقصد مسابقت اور نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے،ریکوڈک میں واقع تانبے اور سونے کی کانیں مستقبل کا اہم اثاثہ ہیں، حکومت اثاثے کو مفید بنانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی جنوری 2025 میں مکمل کی گئی ، منصوبے کی متوقع کان کنی کی مدت 37 سال ہے، ملک کو 75 ارب ڈالر سے زائد کے کیش فلوز حاصل ہوں گے، منصوبے کے تحت تعمیراتی کام میں 41 ہزار 500 ملازمتیں فراہم ہوں گی، منصوبے سے کمیونٹی پروگراموں، مقامی خریداری ماحولیاتی حفاظتی اقدامات اور معاونت کے ذریعے نمایاں سماجی و اقتصادی ترقی کا حصول ممکن ہو گا، منصوبے سے 7 ارب ڈالر کے ٹیکس اور 7.8 ارب ڈالر کی رائلٹی متوقع، برآمدات میں آسانی پیدا کرنے کےلئے ریکوڈک سے پورٹ قاسم اور گوادر تک سڑک، ریل کے ذریعے نقل وحمل کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر جاری ہے، منصوبہ معیشت کےلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہا حکومت سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور برآمدات کو بڑھانے کےلئے پر عزم ہے، وزارت تجارت نے مسابقتی ، متنوع اور برآمدات پر مبنی ملکی معیشت کے فروغ کےلئے کئی اہم اقدامات اٹھائے ، حکومت معاشی ترقی، کاروبار کو سپورٹ کرنے اور برآمدات کو فروغ دینے کے واضح ویژن کے ذریعے جامع ٹیرف ریفارمز پیکیج متعارف کرا رہی ہے، مقصد موجودہ ٹیرف کو مناسب بنانا ہے تاکہ برآمدات کو بڑھا کر معاشی ترقی کو تیز کیا جاسکے،وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق درج ذیل ٹیرف اصلاحات کو نیشنل ٹیرف پالیسی 30-2025 کا حصہ بنایا جا رہا ہے جس کے تحت 4 سال میں اضافی کسٹم ڈیوٹی کا خاتمہ،5 سال میں ریگولیٹری ڈیوٹیز کا خاتمہ،کسٹم ایکٹ 1969 کے 5 ویں شیڈول کا 5 سالوں میں اختتام،کل چار کسٹمز ڈیوٹی سلیبز (0 فیصد، 5 فیصد، 10 فیصد اور 15 فیصد )زیادہ سے زیادہ کسٹم ڈیوٹی کی حد 15 فیصد ہے، ٹیرف اصلاحات کو مرحلہ وار لاگو کیا جائے گا تاکہ کاروبار کسی خلل کے بغیر تبدیلی کےساتھ ایڈجسٹ کرسکیں اور راہ میں آنےوالی رکاوٹوں کو کم سے کم کیا جاسکے، معیشت کے تقریباً تمام شعبے اصلاحات سے مستفید ہوں گے جن میں فارماسیوٹیکل، آئی ٹی اور ٹیلی کام، ٹیکسٹائل، انجینئر نگ وغیرہ شامل ہیں، ورلڈ بینک کے مطابق اصلاحات کے کامیاب نفاذ کے بعد پاکستان کے اوسط ٹیرف، خطے میں سب سے کم ہو جائیں گے ، ویت نام، انڈونیشیا جیسے ممالک کی صف میں شامل ہو جائیں گے، یقین ہے اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا پچھلی 2 دہائیوں سے معیشت قرضوں میں جکڑی ہوئی ہے، مالیاتی نظم ونسق کو بہتر بنانے سے معیشت کے تناسب سے قرضوں کے حجم میں کمی آئی، آج سے2 سال قبل ہمارے قرض اور جی ڈی پی کا تناسب 74 فیصد تھا جو اب 70 فیصد سے بھی نیچے آ گیا ، آگے چل کر مزید کم کریں گے، پاکستان کے پہلے ڈیبٹ بائے بیک پروگرام کے تحت1000 ارب کے قرض بائے بیک کیے گئے،فعال ری فنانسنگ پروگرام کے تحت مارک اپ میں ریکارڈ 850 ارب سے زائد کی بچت کی گئی،قرضوں کے میچورٹی کا اوسط وقت میں 66 فیصد اضافہ کیا گیا ، ری فنانسنگ رسک کم ، مالیاتی استحکام میں اضافہ ہوا،قرض کی مصنوعات کو متنوع کیا جارہا ہے تاکہ انویسٹر بیس بڑھایا جاسکے، پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ذریعے سکوک بانڈ کا اجرا کر دیا ،مزید پراڈکٹس کو لانچ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے،عالمی طریقہ کار کے مطابق ڈی ایم او کی تنظیم نو کی جارہی ہے، پہلے پانڈا بونڈ کے اجرا کی تیاری مکمل کر لی گئی ، مقصد دنیا کی سب سے بڑی اور گہری چینی کیپٹل مارکیٹ تک پاکستان کی رسائی ممکن بنانا ہے، ایس او ایز حکومتی خزانے پر 800 ارب سے زائد کا سالانہ بوجھ ڈالتی ہیں، سبسڈیز، گرانٹس اور ایکویٹی کی مد میں دی گئی حکومتی امداد کو شامل کیا جائے تو یہ تخمینہ ایک ٹریلین سالانہ سے تجاوز کر جاتا ہے، یہی وجہ ہے ایس او ایز ریفارمز مالیاتی نظم و ضبط کےلئے انتہائی اہم ہیں، حکومت نے ایس او ایز کے حوالے سے کئی اہم اقدامات اٹھائے،ایس او ایز ریفارمز کا اہم ستون مختلف اقسام میں تقسیم ہے جس کے ذریعے مستقبل کی سمت یعنی نجکاری کی تنظیم نو یا پی پی پی ماڈل کا تعین کیا جاتا ہے، کابینہ کی کمیٹی کے ذریعے درجہ بندی کو مکمل کر لیا۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہا عوامی شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنانے، مالی بوجھ کو کم کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے کےلئے حکومت جدید اور متحرک نجکاری حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، حکمت عملی غیر ضروری سرکاری اداروں کی شفاف ،موثر نجکاری پر مرکوز ہے تاکہ مختلف شعبوں، بالخصوص توانائی ، مالیاتی شعبے میں مسابقت، کارکردگی اور نجی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے، مالی سال 26-2025 میں ہمارا ہدف ہے ہم پی آئی اے اور روزویلٹ ہوٹل جیسی اہم ٹرانزیکشن مکمل کریں، ڈسکوز اور جینکوز جیسے کلیدی اثاثوں کی نجکاری کےلئے پالیسی اور ضابطہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھائیں، سب سے اہم بات نجکاری صرف مالی اقدام نہیں بلکہ پاکستان کی سرمایہ منڈیوں کو وسعت اور گہرائی دینے کا ذریعہ سمجھتے ہیں، منتظم پبلک لسٹنگ اور آفرز کے ذریعے ہمارا مقصد سرکاری اثاثوں کو سٹاک مارکیٹ میں شامل کرنا ہے،وفاقی حکومت کی ادارہ جاتی تشکیل کو وزیراعظم کے ویژن کے مطابق درست منتظم اور جدید بنانے کے اقدام کا آغاز کیا، یہ اہم اور بنیادی اصلاحات اس اصول پر مبنی ہے حکومت عوامی سہولیات کی فراہمی کےلئے ٹیکس دہندگان پر کم سے کم بوجھ ڈالے، حکومتی سٹرکچر میں جدید خیالات کےلئے ساز گار ماحول دستیاب ہو اور حکومت کاروباری معاملات میں حصہ نہ لے بلکہ معاملات نجی شعبے کے حوالے کرنے چاہئیں، اب تک کابینہ نے 10 وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کے منصوبوں کی منظوری دےدی ہے جو اب عملدر آمد کے مرحلے میں ہیں، 6 ڈویژنز کو ضم کر کے 3 بنا دی گئی ہیں، 45 کمپنیوں اور اداروں کو پرائیویٹائز ضم یا بند کیا جارہا ہے ،تقریباً 40 ہزار خالی آسامیوں کوختم کر دیا گیا ، اگلی 10 وزارتوں کےلئے رائٹ سائزنگ کی سفارشات کو حتمی شکل دی جاچکی ، مزید 8 وزارتوں کے حوالے سے تجاویز زیر غور ہیں،وزیر خزانہ نے کہا پنشن، ریٹائرڈ ملازمین کا بنیادی حق ہے، پچھلی کچھ دہائیوں میں پنشن سکیم میں ایگزیکٹو آڈرز کے ذریعے تبدیلیوں سے سرکاری خزانے پر بوجھ بڑھا، پنشن سکیم کو درست کرنے اور سرکاری خزانے پر بوجھ کو کم کرنے کےلئے حکومت نے پنشن سکیم میں اصلاحات کیں جیسے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی حوصلہ شکنی،پنشن اضافہ (کنزیومر پرائس انڈیکس) سے منسلک،شریک حیات کے انتقال کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال تک محدود ایک سے زائد پنشنز کا خاتمہ،ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ ملازمت کی صورت میں پنشن یا تنخواہ میں سے کسی ایک کا انتخاب شامل ہے ۔
بجٹ پیش،تنخواہوں 10،پنشن میں7فیصد اضافہ،اربوں کے نئے ٹیکس ،پٹرولیم مصنوعات،درآمدی سولرمہنگے
















