پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ، غیرمنظور شدہ جگہوں پر مویشی منڈی لگانا ممنوع

لاہور (اپنے رپورٹر سے) عید الاضحی کی آمد کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144کے نفاذ کی ہدایات جاری کر دیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کو مدِ نظر رکھتے ہوئے صوبہ بھر میں عوامی مقامات پر سری پائے جلانے، جانوروں کے فضلے اور اوجھڑیوں کو مین ہولز، نالیوں اور نہروں میں پھینکنے پر دفعہ 144نافذ کر دی ہے۔ اسی طرح منظور شدہ مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر دفعہ 144کے نفاذ کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے دریاں، نہروں، ڈیمز اور جھیلوں میں نہانے، تیراکی اور کشتی رانی پر بھی دفعہ 144کا نفاذ کیا گیا جبکہ اسلحے اور گولہ بارود کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ پنجاب بھر میں دفعہ 144کے تحت پابندیوں کا اطلاق جمعرات 5جون سے بدھ 11جون تک ہو گا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898کی دفعہ 144(6)کے تحت پابندیوں کا حکم دیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق پابندیوں کا فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور ماحول کی بہتری کیلئے کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ مذکورہ سرگرمیاں نہ صرف عوامی تحفظ اور صحتِ عامہ کیلئے خطرہ ہیں بلکہ لوگوں میں اضطراب کا باعث بھی بنتی ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ عیدالاضحی پر کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ دفعہ 144 کے تحت جاری کیے گئے احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔