پاک بھارت تنازعات کے حل کیلئے امید کی نئی کرن نظر آرہی ہے:امریکہ


واشنگٹن:(بیورورپورٹ) امریکہ نے کہاہے پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کا کریڈٹ واشنگٹن کی شمولیت و معاونت کو جاتا ہے اب دونوں ممالک کے دیرینہ تنازعات کے حل کا نیا موقع سامنے آگیا ۔

ترجمان محکمہ خارجہ ٹیمی بروس پریس بریفنگ کے دوران کہا اگرچہ ماضی میں کئی بار تنازعات حل نہیں ہو سکے لیکن اب امید کی نئی کرن نظر آ رہی ہے،دونوں ممالک کےلئے سنہری موقع ہے دیرپا امن کےلئے آگے بڑھیں، پاکستان اور بھارت دونوں جنگ بندی جاری رکھنے کےلئے سنجیدہ اور پرعزم ہیں،جنگ بندی سے طویل مدتی مسائل کے حل ہونے کی صلاحیت واپس آگئی، اچھی خبرہے دوسرے خطوں کے برعکس جنگ بندی کاعہد کیا گیا۔

ٹیمی بروس نے کہا واشنگٹن میں اسرائیلی سفارتی اہلکاروں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں غزہ میں متاثرین تک امداد پہنچے، ایران کےساتھ مذاکرات کا پانچواں دور ہو رہا ہے، ہم سمجھتے ہیں ایران کےساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔