لاہور (کرائم رپورٹر)صوبائی دارلحکومت لاہور میں ٹریفک نظام میں بہتری کے نام پر تجربات نے ٹریفک نظام کو سخت مسائل کا نشانہ بنا ڈالا۔ مختلف سڑکوں پر موٹر سائیکل سواروں کے لئے گرین لائن بنانے سے ٹریفک نظام بدنظمی ،بے ترتیبی اور سخت دباﺅ کا شکار ہو گیا ہے۔ گرین لائن کی پابندی کرانے کے نام پر ٹریفک وارڈن شہریوں سے بدتمیز ی کرنے اور بے جا چالان کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔گرین لین کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کانظام درہم برہم ہوگیا،سڑکیں سکڑنے کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاروںکیساتھ حادثات میں بھی اضافہ ہوگیا،بعض اوقات منٹوں کاسفر گھنٹوں تک محیط ہوجاتاہے۔ ٹریفک مسائل پر سروے میں شہریوں نے مسائل و شکایات کے انبار لگا دئیے۔شہریوں نے ”مشرق“ سروے میں ا ظہار خیال کرتے ہوئے کہاوارڈنز نے فیروز پور روڈ پرگلاب دیوی ، چلڈرن ہسپتال سے تھوڑا آگے ناکہ لگاکرچالانوںکی بھرمار کردی،تمام دستاویزات پوری ہونے کے با وجود گرین لین کی آڑ میں چالان کرکے جیبیں خالی کی جارہی ہیں ایسا لگتا ہے جیسے چالان کرنے کی قسم اٹھا رکھی ہے،کسی نہ کسی بہانے چالان کاٹ کر موقع پر سڑک کنارے موجود ایجنٹ کے ذریعے رقم جمع کی جاتی ہے،ایجنٹ 200روپے فی چالان جمع کرنے کیلئے 40روپے فیس لیتا ہے،شہریوں نے مزید کہا وارڈنز نے چالان کرنے کیساتھ بدتمیزی کرنا بھی معمول بنا لیا،موٹر سائیکل کو روکتے ہی چابی نکال کر جیب میں ڈال لیتے ہیں کوئی سوال کرے تو انتہائی غیر مہذب طریقے سے بات کی جاتی ہے،چابی نکالنے کااختیار کوئی بھی قانون نہیں دیتا،ناکہ لگانے و الے وارڈنز نے ور دی پر اپنے نام تک غائب کررکھے ہیں۔ شہریوں نے کہا کہ گرین لین کی آڑ میں چالان کاسلسلہ بند کیاجائے پہلے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔ گرین لین کی حدود شروع ہونے سے پہلے بینرز آویزاں کئے جائیں ،دستاویزات پوری ہونے والوں کومعمولی سی غلطی پر وارننگ دیکر چھوڑنے کی پالیسی اپنائی جائے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز،ڈی آئی جی ٹریفک سی ٹی او لاہور وحید اطہر فوری جگا ٹیکس ناکے کانوٹس لیں اور بدتمیز وارڈنز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ٹریفک وارڈنز کی بدتمیزیاں، شہری حواس باختہ ،اعلیٰ حکام خاموش
















