مخصوص فریم ورک کے اندر امریکہ کے ساتھ معاہدے تک پہنچنے کو تیار ہیں:ایران

تہران (مشرق نیوز) ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک مخصوص فریم ورک کے اندر ایک معاہدے تک پہنچنے کیلئے تیار ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ میں گورنرز سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ہم قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے مخصوص فریم ورک کے اندر کسی معاہدے تک پہنچنے کیلئے تیار ہیں لیکن اگر وہ ہم سے برابری کی پوزیشن سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو ہم اپنے راستے پر چلتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے ہم نہ تو پرامید ہیں اور نہ ہی مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے زور دے کر یہ بھی کہا کہ ہم یہاں لڑنے کیلئے نہیں ہیں لیکن ہم دبا یا دھمکیوں کو بھی قبول نہیں کریں گے۔