پہلا سسٹین ایبل انوسٹمنٹ سکوک بانڈ جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت نے صاف انرجی کے تین منصوبوں کی فنانسنگ کیلئے پاکستان کا پہلا سسٹین ایبل انوسٹمنٹ ایسٹیس بیکڈ سکوک بانڈز جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سکوک بانڈ کے ذریعے حکومت صاف توانائی کے منصوبوں کیلئے مقامی مارکیٹ سے سرمایہ جمع کریگی، صاف توانائی کے ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے حکومت کو 52 ارب روپے کی ضرورت ہے۔

بانڈز نئے منظور شدہ سسٹین ایبل انوسٹمنٹ سکوک فریم ورک کے تحت جاری کئے جائیں گے جس کی منظوری کابینہ نے رواں ماہ ہی دی ہے، وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق ان پہلے سکوک کا حجم 30 ارب روپے تک ہوسکتا ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی طور پر وزارت خزانہ بلوچستان میں گروک سٹوریج ڈیم، سندھ میں نائگاج ڈیم اور سکردو میں شگرتھنگ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

یہ منصوبے پہلے ہی زیر تعمیر ہیں اور حکومت کو کام کی تکمیل کیلئے مزید 52 ارب روپے درکار ہوں گے۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع خاران میں واقع گروک ڈیم کی لاگت 28 ارب روپے کے لگ بھگ ہو گئی ہے، جس کی وجہ کام کی تکمیل میں تاخیر اور کام کے دائرہ کار میں اضافہ ہے، حکومت کو کام مکمل کرنے کیلئے مزید 5 ارب روپے درکار ہیں۔

اسی طرح سندھ کے خیرپور ناتھن شاہ میں نائی گج ڈیم کے منصوبے کی لاگت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس کا افتتاح پہلی بار 2005 میں کیا گیا تھا، باقی کام کی تکمیل کیلئے حکومت کو 22 ارب روپے درکار ہیں۔حکومت نے شگرتھنگ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بھی منظوری دے دی ہے اور سکردو شہر اور اسکے ملحقہ علاقوں کو بجلی فراہم کرنے کیلئے 26 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کیلئے 25 ارب روپے کی فنڈنگ درکار ہے۔

وزارت خزانہ کے حکام نے کہا کہ گرین سکوک، سوشل سکوک اور سسٹین ایبل سکوک کا اجراءایک منفرد اور قابل عمل فنانسنگ میکانزم پیش کرتا ہے جو اسلامی مالیاتی اصولوں کے مطابق ہے اور موثر منصوبوں کیلئے ضروری سرمایہ جمع کرتا ہے۔