اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ، وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافہ پاکستانی معیشت کیلئے مثبت پیش رفت قرار دیدیا
جولائی 2024 سے مارچ 2025 کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹرکی برآمدات میں 9.38 فیصد اضافے کے ساتھ 13.613 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، نمایاں کارکردگی پر وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکسٹائل انڈسٹری اور نجی شعبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا صرف مارچ 2025 میں برآمدات میں 6.27 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو کہ نہ صرف حکومتی معاشی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی معیشت کی مضبوطی اور عالمی منڈیوں میں مصنوعات کی مانگ میں اضافے کا بھی مظہر ہے، برآمدات میں بتدریج اضافہ اور دیگر مثبت معاشی اعشارئیے، حکومت پاکستان اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہیں، حکومت ایسے تمام اقدامات جاری رکھے گی جو کاروبار دوست ماحول پیدا کریں اور برآمدات میں مسلسل بہتری لائی جا سکے،وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا حکومت ملکی برآمدات کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے نہ صرف پالیسی سازی کر رہی ہے بلکہ کاروباری برادری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے بھی پرعزم ہے،ہماری ٹیم دن رات کوشش میں ہے پاکستان کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے تاکہ روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات تینوں میں توازن کے ساتھ اضافہ ہو۔
ایک اور سنگ میل عبور،ٹیکسٹائل برآمدات تاریخی بلند، حکومتی پالیسیاں درست سمت ہونے کا ثبوت ہے:وزیر اعظم
















