26اپریل کو پورا پاکستان بند ہوگا،پیش قدمی کرینگے،حافظ نعیم الرحمن

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے اسلام آباد میں غزہ ملین یکجہتی مارچ کے شرکا سے خطاب میں 26 اپریل کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا پاکستان میں حماس کا دفتر کھولا جائے۔

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اسلام آباد کے زیرو پوائنٹ پر غزہ ملین یکجہتی مارچ میں بچوں ،خواتین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،فضاء امریکہ،اسرائیل مخالف نعروں سے گونجتی رہی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے 26 اپریل کو پورا پاکستان بند ہوگا، 27اپریل کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا اور پیش قدمی کریں گے، حکمران امریکہ ،اسرائیل سے ڈرتے ہیں اس لیے امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ نہیں کرنے دیا، دنیا کو اظہار یکجہتی کا پیغام دینا ہے، تصادم نہیں چاہتے کنٹینرز نہیں روک سکتے ،حکمران غلام ابن غلام ہیں ،پاکستان میں جو بھی اسرائیل سے دوستی کی کوشش کرے گا مٹ جائے گا،غزہ میں نسل کشی امریکی ایما پر ہورہی ہے،اسرائیل کو روکنے کیلئے امریکہ پر دباؤ ڈالنا ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاساری سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں فلسطین ،کشمیر کیلئے اکٹھے ہوجاؤاگر حکمرانوں نے فلسطین کیلئے کردار ادا نہ کیا تو دوبارہ آئیں گے پھر آپ روک نہیں سکیں گے،غزہ ملین مارچ کے شرکا نے غیرت ایمانی کا ثبوت دیا ،حکمران سوئے ہیں مگر امت سوئی ہوئی نہیں ، عوام اپنے ایمان کا اظہار کرنے کیلئے پہنچے ،کال دوں تو کوئی امریکی سفارتخانے کی طرف جانے سے نہیں روک سکتا، یکجہتی کا پیغام دینے کی وجہ سے ایسا نہیں کرتے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا دنیا تک پیغام پہنچانا ہے پاکستان متحد ہے ،تصادم نہیں چاہتے، امریکہ اسرائیل کا پشتی بان ،عراق افغانستان کے لوگوں کا قاتل ہے،دنیا بھر کے مسلمان پاکستان کی طرف دیکھ ر ہے ہیں،کچھ لوگ اسرائیل جاکر وعدے کرکے آئے ، بتایا جائے پاکستان سے کس نے لوگوں کو بھیجا،ملک میں حماس کا دفتر بنایا جائے،غزہ ملبے کا ڈھیر بن گیا، خون اور آگ ہے مگر حماس نے یرغمالیوں کا تحفظ کیا دوسری طرف اسرائیلی جیلوں میں عزتیں پامال کی جارہی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہافلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کیلئے 26 اپریل کو ملک گیر ہڑتال کریں گے،مسلم حکمرانوں ،فوجوں پر جہاد فرض ہے،پاکستان میں بلوچ، پشتون سب اپنے حقوق کی بات کررہے ہیں حق و انصاف مانگ رہے ہیں، ظالم حکمرانوں کیخلاف جد وجہد شروع کرنا ہوگی، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، فلسطینیوں کیساتھ کھڑے ہوں اور اسرائیل کو نقصان پہنچائیں، پرامن جدوجہد کریں، جماعت اسلامی سب کو اکٹھا کرسکتی ہے اگر حکمرانوں نے کردار ادا نہ کیا تو دوبارہ آئیں گے تو آپ روک نہیں سکیں گے، عوام سے اپیل کرتا ہوں تقسیم ہونے کی بجائے متحد ہوجاؤ ،جدوجہد کو تیز کیا جائے،ملک گیر ہڑتال پرامن جہاد ہو گا، 27 اپریل کو اگلے لائحہ کا اعلان کرینگے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاغزہ کی کامیابی مظلوم قوموں کی کامیابی ہوگی، وزیراعظم 25کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے غزہ کے عوام کا ساتھ دیں،فلسطین سے تعلق ایمان اور عقیدے کا ہے، موت سے پیار کرنے والوں کو کوئی شکست نہیں دے سکتا،مسلم حکمرانوں غیر ت کھائو۔

سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق،جنرل سیکرٹری امیر العظیم ،نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر ابراہیم،میاں اسلم ،عطا الرحمن، ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی،امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب طارق سلیم،امیر جماعت اسلامی کے پی کے وسطی عبدالواسع،امیر جماعت اسلامی کے پی کے ہزارہ عبدالرزاق عباسی، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصررندھاوا،امیر جماعت اسلامی راولپنڈی عارف شیرازی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔