ٹرمپ ٹیرف تجارتی جنگ ،سب سے بھاری قیمت امریکی عوام چکائیں گے،یورپی ممالک

لندن،بیجنگ،سڈنی،روم ،اٹاوا،اسلا م آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)پورپی ممالک نے ٹرمپ ٹیرف کو تجارتی جنگ دیتے ہوئے کہاسب سے بھاری قیمت امریکی عوام چکائیں گے۔

یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ ترین محصولات عالمی معیشت کےلئے بڑا دھچکا ہیں ،کمزور لوگوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچے گا۔

چین نے امریکی ٹیرف کو عالمی اقتصادی ترقی کیلئے خطرہ قرار دیتے کہااقدام سے خود امریکی مفادات و عالمی سپلائی چین کو نقصان پہنچے گا، امریکہ تجارتی شراکت داروں کے ذریعے اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرے ، اپنے مفادات کے تحفظ کےلئے اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتے ہےں،ٹرمپ کااقدام دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی کا حصہ ہے،تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوگا۔

کینیڈا کے وزیراعظم نے ٹرمپ ٹیرف کو تجارتی جنگ قرار دیتے ہوئے کہاعالمی تجارتی نظام پر منفی اثرات پڑیں گے،اطالوی وزیراعظم نے کہا یورپی یونین پرامریکی ٹیرف غلط ہے۔

آئرش وزیراعظم نے کہا یورپی یونین کو امریکی ٹیرف کا مناسب جواب دینا چاہیے، اٹلی نے ردعمل میں کہا امریکی ٹیکس غلط اقدام ہے،برازیلین پارلیمنٹ نے ٹرمپ ٹیرف سے نمٹنے کیلئے قانون کی منظوری دیدی۔

برطانوی وزیر تجارت نے کہا ٹیرف کے باوجود امریکہ کےساتھ اقتصادی معاہدے کیلئے پرعزم ہیں،آسٹریلیا نے کہاامریکی عوام ناجائز ٹیرف کی سب سے بھاری قیمت چکائیں گے،باہمی محصولات عائد کرنے کی کوشش نہیں کریں گے،آئرلینڈ کے وزیر سائمن ہیرس نے کہا امریکہ کےساتھ بات چیت کےلئے تیار ہیں،گفتگو شنید کو آگے بڑھنے کا بہترین طریقہ سمجھتے ہیں،وزیراعظم مائیکل مارٹن نے ٹرمپ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اقدام سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا،موقف مضبوط تجارتی تعلقات، خاص طور پر امریکہ کےساتھ برقرار رکھنے کےلئے آئرلینڈ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ادھر اقوام متحدہ میں سابق پاکستانی مندوب اور سفارتکار ملیحہ لودھی نے کہا امریکہ میں پاکستانی مصنوعات پر ٹیکس تو ہمیشہ سے تھا، مزید ٹیرف بڑھنے سے پاکستانی مصنوعات امریکہ میں مہنگی ہو جائیں گی، امریکہ ٹیرف عائد کرے یا نہیں، پاکستان کو ایکسپورٹس بہتر کرنا ہوں گی۔

سابق پاکستانی سفیر نے امریکہ کی جانب سے ٹیرف کو گلوبل اکنامی کےلئے منفی قرار دیتے ہوئے کہا اضافی ٹیرف عائد کرنے سے دنیا میں تجارتی جنگ شروع ہو جائے گی،چین ،امریکہ کے درمیان دنیا کا سب سے بڑا تجارتی تعلق ہے، دیکھنا ہے ٹیرف کے معاملے میں کہاں تک ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔