متروکہ وقف املاک بورڈ، 5 ارب سے زائد کی سرکاری اراضی کی فائلیں ریکارڈ سے غائب

لاہور (علی جنید) متروکہ وقف املاک بورڈ لاہور میں 5 ارب سے زائد مالیت کی سرکاری اراضی کی فائلیں ریکارڈ سے غائب کروا دی گئیں جس پر وفاقی وزارت مذہبی امور کے علم میں لائے بناءدو نمبر انکوائری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ”مشرق“ نے زرعی اراضی کی 1800 فائلوں کی گمشدگی اور اراضی کی خفیہ فروخت کی تمام تر دستاویزات حاصل کرلی ہیں۔ مذکورہ دستاویزات کو لاہور آفس کے ریکارڈ سے غائب کیا گیا ہے، اس سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف سے گفتگو نہ ہوسکی جبکہ سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے اس بارے میں بتایا کہ اس معاملے میں انکوائری کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ لاہور 2 میں دو ملازمین چوکیدار شاہد جسے افسران نے پٹواری اور رینٹ کلکٹر کی سیٹوں پر بٹھایا ہوا تھا اور رینٹ کلکٹر گلشاد دونوں کئی دہائیوں سے لاہور میں تعینات رہے اور دونوں ملازمین نے ڈپٹی و ایڈمنسٹریٹر سے ملکر جیو ٹریکنگ کی غلط نشاندہی کروادی اور متروکہ وقف املاک میں اراضی نہ صرف فروخت کی بلکہ ریکارڈ سے 1800 فائلیں بھی غائب کردی گئی ہیں جبکہ 2010-11ءلاہور 2 میں تعینات ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر یاسر مونگا کے جعلی دستخط سے متعدد دو نمبر فائلیں بھی تیار کی گئی ہیں، جس بارے میں ”مشرق“ نے یاسر مونگا کی مذکورہ دستاویزات بھی حاصل کرلی ہیں جس میں انہوں نے واضح لکھا ہے کہ انکے یہ دستخط نہیں ہیں اور انہیں فرانزک لیب بھیجا جائے مگر ایڈمنسٹریٹر لاہور اکرم جوئیہ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر عاصم اعجاز نے اس معاملہ میں صرف چپ سادھ رکھی ہے۔ اس معاملے میں سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے بتایا کہ میں انکوائری لگاتا ہوں لیکن افسران و ماتحت آپس میں ملے ہوئے ہیں اور معاملات کو لٹکاتے ہیں۔