اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پانی کی قلت کو سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ارتھ آور اور عالمی یوم آب 2025 پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ توانائی کے تحفظ، ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی اقدامات کے عزم کی تجدید کرتا ہے ، ارتھ آور پر غیر ضروری لائٹس بند کرنا توانائی کے استعمال اور کاربن فٹ پرنٹ کم کرنے کے عزم کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور توانائی شعبے کے مسائل سے پاکستان کی معیشت اور ماحول کو شدید خطرات لاحق ہیں، توانائی کے محفوظ مستقبل کیلئے بجلی، ایندھن کی بچت اور قابل تجدید توانائی کا فروغ ضروری ہے، بجلی ، توانائی اور ایندھن بچانے والے آلات کے استعمال اور پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم آب پر اپنے پیغام میں کہا کہ گلیشیرز کو محفوظ رکھنے، آبی وسائل کے تحفظ اور اپنے عوام، خطے اور کرہ ارض کیلئے آبی طور پر محفوظ مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں، سندھ طاس معاہدے کا موثر نفاذ پاکستان کی آبی سلامتی کیلئے انتہائی اہم ہے۔
پانی کی قلت سنگین مسئلہ، فوری اقدامات ناگزیر ہیں: صدر، وزیراعظم
















