اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد نے وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق رانا تنویر حسین سے ملاقات کی جس میں ڈیری سیکٹر کو درپیش اہم چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پیک شدہ دودھ پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کے اثرات اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے ڈیری فارمز میں سرمایہ کاری کی ضرورت جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دودھ پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے اور ملک میں سالانہ دودھ کی پیداوار 70 ملین ٹن سے تجاوز کر چکی ہے تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ ڈیری سیکٹر کی مکمل صلاحیت کے حصول کیلئے اس میں مزید سرمایہ کاری اور پالیسی اصلاحات ناگزیر ہیں۔رانا تنویر حسین نے زور دیا کہ ڈیری ایسوسی ایشن کو دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے ڈیری فارمز میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائیگی جس سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ دودھ کے معیار میں بھی بہتری آئیگی۔ انہوں نے پیک شدہ دودھ پر 18 فیصد جی ایس ٹی کے معیشت پر اثرات کا جائزہ لینے پر زور دیا، کیونکہ اس ٹیکس کے باعث صارفین پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے، جبکہ دودھ پروسیسرز اور کسان بھی مالی مشکلات کا شکار ہیں۔پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد نے پیک شدہ دودھ پر ٹیکس میں نرمی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ ٹیکس نہ صرف دودھ کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بن رہا ہے بلکہ سرمایہ کاری کے امکانات کو بھی متاثر کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ وزارت قومی تحفظ خوراک و تحقیق سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریگی تاکہ ایسے اقدامات کئے جا سکیں جن سے ڈیری سیکٹر کو درپیش مسائل حل ہوں اور صارفین و کسانوں کو فائدہ پہنچے۔مزید برآں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ڈیری سیکٹر کے پالیسی اور ٹیکسیشن معاملات کو عالمی بہترین پریکٹسز کے مطابق حل کرنے کے اپنے عزم اور کمٹمنٹ کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ڈیری انڈسٹری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ترقی کا استحکام ممکن ہوگا اور مقامی دودھ کے پیداواری شعبے کی عالمی مارکیٹ میں مسابقت بڑھے گی۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ ڈیری سیکٹر کی ترقی کے بغیر خوراک میں خود کفالت کا خواب ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیری فارمز میں سرمایہ کاری بڑھانے سے دودھ کی پیداوار اور معیار میں بہتری آئیگی۔ حکومت ڈیری صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور دودھ کی قیمتوں کو متوازن رکھنے کیلئے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرے گی۔
دودھ کی زیادہ پیداوار کیلئے ڈیری سیکٹر میں مزید سرمایہ کاری ناگزیر ہے: رانا تنویر
















